نوازشریف صرف اپنا سوچتے ہیں، انکے ساتھ جنت میں بھی نہیں جانا: زرداری
لاہور (خبرنگار) سابق صدر مملکت آصف علی زرداری نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں پانچ جلسے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف نے پیپلز پارٹی کیساتھ دوستی کی آڑ میں کھلواڑ کیا، اب بڑے پیغامات بھیجتے ہیں، ہم نے انکو پیغام بھیجا آپکے ساتھ ہم نے جنت میں بھی نہیں جانا، اڈیالہ جیل کی صفائی کروا رہے ہیں انہیں کیا پتا کہ لانڈھی جیل جاتے ہیں یا کہیں، میاں صاحب کی سوچ ہی جمہوری نہیں یہ صرف اپنا سوچتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلاول ہاﺅس لاہور میں لاہور ایگزیکٹو اور لاہور کے ممکنہ ٹکٹ ہولڈرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ، ڈاکٹر عاصم حسین، حاجی عزیزالرحمن چن، چوہدری اسلم گل، اسرار بٹ، اورنگ زیب برکی، رانا فاروق اور دیگر بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ اگر ہم چاہتے تو نوازشریف کو حکومت بنانے ہی نہ دیتے لیکن ہم نے سوچا تھا جمہوریت چلتی رہے۔ یہ لوگ ملک کو دیوالیہ کرکے جاتے ہیں ہم آکر سنبھالتے ہیں، میاں صاحب کسی بھی ملک نکل جائیں ہم نے یہیں رہنا ہے۔ میاں صاحب کی جمہوری سوچ ہی نہیں ہے یہ صرف اپنا سوچتے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جب میں نے مشرف کو نکالا تو لوگوں کو سمجھ ہی نہیں آرہی تھی، ہم نے مشرف سے ڈائیلاگ کرکے اسے باہر نکالا ۔ انہوںنے کہا کہ 1973ءکا آئین بھٹو شہید نے بنایا یا پھر اس کے بعد ہم نے اٹھارہویں ترمیم کی۔ بھارت کے ڈیزائن روکنے کیلئے اٹھارویں ترمیم کی۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگلے انتخابات میں پیپلز پارٹی پنجاب میں سرپرائز دیگی، ہم نے پنجاب بھر میں متوقع امیدواروں کی فہرست تیار کرلی ہے، ٹکٹس کے لیے خواہش مند امیدوار پراسس کے مطابق درخواست دیں۔ علاوہ ازیں پیپلز پارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے گذشتہ روز بلاول ہاﺅس میں سابق وزیر خارجہ حنا ربانی کھر اور سینٹ کے ڈپٹی چیئرمین سلیم مانڈوی والا نے ملاقات کی۔ملاقات میں پیپلز پارٹی کی جنوبی پنجاب میں ممکنہ سیاسی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے بھی بلاول ہاو¿س میں سابق صدر سے ملاقات کی جس میں اہم قومی اور سیاسی معاملات زیر غور آئے۔
زرداری