پنجاب میں اوورسیز پاکستانیز کمشن بنانے کا اعلان‘ عوام‘ سیاستدان‘ جج‘ جرنیل ایک ہو جائیں تو ملکی تقدیر بدل جائیگی: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک بسنے والے پاکستانی اوورسیز نہیں بلکہ وطن عزیز کے عظیم سفیر ہیں اور پنجاب حکومت نے ان کے مسائل کے فوری ازالے کے لئے صوبائی سطح پر اوورسیز پاکستانی کمیشن کے قیام کا فیصلہ کیا ہے جو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل اور شکایات کے ازالے کے لئے موثر اقدامات کرے گا۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت سے رزق حلال کما کر کثیر زرمبادلہ بچاتے ہیں اور ان کی حلال کی کمائی ہوئی رقم یا جائیداد پر کسی کو ہاتھ صاف نہیں کرنے دیں گے۔ یہ میرا وعدہ ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے لئے قائم ہونے والے کمیشن کو مکمل بااختیار بنایا جائے گا اور ضلعی سطح پر منتخب عوامی نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تمام معاملات کی نگرانی کرے گی۔ جس طرح ڈاکٹر عبدالقدیر اور ان کی ٹیم نے جہد مسلسل سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اسی طرح اگر اس ملک کے عوام، سیاستدان، جج، جرنیل، بیورو کریٹس اور دیگر تمام طبقات ایک ہوجائیں اور مل کر کوشش کریں تو وہ وقت دور نہیں کہ ملک کی تقدیر بدل جائے گی اگر پاکستان کی حالت بدلنی ہے تو پہلے ہمیں خود حالت بدلنی ہوگی۔ وہ گزشتہ روز ایوان وزیراعلیٰ میں پہلے پاکستانی اوورسیز کنونشن 2014ء سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے تقریب کی صدارت کی۔ شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں اس ہال میں بیٹھے سینکڑوں پاکستانیوں کو وطن عزیز آمد پر دل کی گہرائیوں سے خو ش آمدید کہتا ہوں۔بلاشبہ آج ان محب وطن پاکستانیوں کی لاہور آمد وزیراعظم محمد نواز شریف کی حکومت پر بھر پور اعتماد کا اظہار ہے۔ سینکڑوں اوورسیز پاکستانی انتہائی کم وقت کے نوٹس پر پاکستان آئے ہیں اوران کا یہ دورہ انتہائی سود مندثابت ہوگا۔ملک اورقوم کو بے شمار چیلنجز اورمسائل کا سامنا ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے ان مسائل کا ذمہ دار کوئی اور نہیں بلکہ ہم خود ہیں۔آج وطن اپنوں کے ہاتھوں غیر محفوظ ہے،اندھیرے ہم نے خود پیدا کیے ہیں کسی دشمن نے نہیں۔سابق دور میں توانائی بحران حل کرنے کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا بلکہ بد ترین مجرمانہ غفلت برتی گئی جس کا خمیازہ پوری قوم بھگت رہی ہے۔بجلی کی کمی کے باعث معیشت ،زراعت اورصنعت تباہ ہوئی ہے، بے روزگاری اورغربت کا طوفان کھڑا ہوا ہے قوم کس کے کندھوں پر آنسو بہائے۔ آج ملک میں دھونس دھاندلی،قبضہ گروپوں، سفارش،اقرباپروری ،کرپشن اور لوٹ مار کا دور دورہ ہے جس کی لاٹھی اس کی بھینس جیسا معاملہ چل رہا ہے۔جس کے باعث دنیا میں ہماری عزت وتوقیرتقریباً ختم ہوچکی ہے۔دہشت گردی کے باعث ہمارے پاسپورٹ کی کوئی عزت نہیں۔تھانے میں چور چودھری کہلاتا ہے۔ سفارش اوررشوت کی عزت کی جاتی ہے۔میرٹ اور دیانت کی کوئی قدر نہیں کرتا۔پٹواری تھانے کے ساتھ مل کر لوگوں کی جائیدادوں پر قبضے کراتے ہیں۔مجھے یقین ہے کہ تحریک پاکستان کے دوران عظیم قربانیاں دینے والے شہدا کی روحیں آج کا پاکستان دیکھ کر تڑ پ رہی ہوں گی۔پاکستان نے وہ ملک بننا تھا جس نے کاسا بلانکا سے کوالالمپورتک امت مسلمہ کی قیادت کرنی تھی نہ کہ بھکاری بن کر کشکول اٹھائے پھرتا رہے۔پاکستان میں سفارش اقربا پروری اور کرپشن نے میرٹ کو تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔یہ وقت ہے کہ ہم ہوش کے ناخن لیں۔ ہم نے نبی پاک ؐ کی تعلیمات، قائدؒ کے افکار اور اقبالؒ کے فرمودات کو فراموش کردیا ہے۔ہمارا عمل صفر ہے اورباتیںزیادہ ہیں۔ پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔مجھے یقین ہے کہ مشکلات اور چیلنجز کے باوجودپاکستانی قوم عظیم قوم بنے گی۔ انہوں نے نندی پور پاور پراجیکٹ میں سابق دور میں بدترین مجرمانہ غفلت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف کی سربراہی میں حکومت نے چینی کمپنی کا اعتماد دوبارہ بحال کیا ہے۔چینی کمپنی کو بتایا کہ اب پاکستان میں نواز شریف حکومت ہے لہذا آپ بے فکر ہوکر منصوبہ مکمل کریںاور اب یہ منصوبہ تیزی سے تکمیل کی طرف گامزن ہے اوراگلے ماہ 100میگاواٹ کی پہلی ٹربائن پیداوار شروع کردے گی۔سابق حکومت کی کرپشن اور لالچ کے باعث اس منصوبے پر 27ارب روپے اضافی لاگت آرہی ہے۔ سابق حکمران اس منصوبے کے حوالے سے سنگین جرم کے مرتکب ہوئے ہیں اوران کی جرائم کی فہرست بہت طویل ہے۔انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے 32ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج پاکستان کے عوام کے لئے تحفہ ہے۔جس میں 20ہزار میگاواٹ کے توانائی کے منصوبے بھی شامل ہیں۔وزیراعظم محمد نواز شریف اگلے ماہ پورٹ قاسم اورساہیوال میں2400میگاواٹ کے کول پاور پلانٹس کے منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں جبکہ پنجاب میں 1000میگاواٹ کے سولر پارک پر بھی کام جاری ہے۔گڈانی میں 10ہزار میگاواٹ کے منصوبے لگائے جائیں گے،یہ تمام خوشخبریاں قوم کو جلد ملیں گی اورتمام منصوبے چین کے تعاون سے مکمل ہوں گے۔ جو سرکاری افسر و اہلکار عوام کی خدمت کرتا ہے وہ میرے سر کا تاج ہے اور عوام کی خدمت سے پہلوتہی کرنے والے سے بڑا میرا اورکوئی دشمن نہیں۔عوام اچھی طرح جانتی ہے کہ کس نے ان کی جیبیں کاٹی اور کون ان کے حقوق کی بات کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے مجھے کینسر کے موزی مرض سے صحت یاب کیا ہے اورشاید اللہ تعالیٰ مجھ سے دکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم کام لینا چاہتے ہیں۔تقریب سے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور،صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ،رانامشہود احمد،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اوربیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز توانائی کے شعبے کی معروف جرمن کمپنی لہے مائر انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رولف ویگینڈ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب حکومت اور جرمن کمپنی کے درمیان توانائی کے شعبہ میں تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرمنی کو توانائی کے شعبہ میں خاص مہارت حاصل ہے۔ جرمنی میں 20 ہزار میگاواٹ سے زائد بجلی سولر سے پیدا کی جا رہی ہے۔ پاکستان توانائی کے شعبہ میں جرمن ٹیکنالوجی او ر تجربے سے استفادہ کرنا چاہتا ہے۔ لہے مائر انٹرنیشنل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہا کہ ان کی کمپنی پنجاب حکومت کے ساتھ توانائی کے شعبہ میں تعاون کرے گی۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہباز شریف نے برطانوی ہائی کمشنر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی دوستانہ تعلقات موجود ہیں۔ برطانیہ پاکستان کا اہم تجارتی پارٹنر ہے۔ تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں میں برطانیہ کا تعاون لائق تحسین ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور ہم پاکستان کی تعمیر و ترقی میں تعاون جاری رکھیں گے۔دریں اثناء شہباز شریف سے گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) قطر کے صدر راشد رفیق بٹ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کیلئے مشترکہ کاوشوں اور اجتماعی بصیرت سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ملک سے توانائی بحران اور انتہاپسندی کے ناسور کا خاتمہ کئے بغیر ترقی و خوشحالی کے اہداف حاصل نہیں کئے جا سکتے۔ انشاء اللہ ملک و قوم کو ان مسائل سے جلد نجات دلا کر ترقی اور خوشحالی کی منزل حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے ماہ مئی میں توانائی سیکٹر کے متعدد منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا جا رہا ہے۔ حکومت کے درست اقدامات کے باعث معاشی صورتحال میں بہتری آ رہی ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں برطانیہ کی ملکہ الزبتھ کی سالگرہ کی تقریب میں شرکت کی۔ برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن ،سفارتکار ،صوبا ئی وزرائ، سیاستدان ،دانشور اور زندگی کے مختلف شعبہ سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ شہبازشریف نے برطانوی ہائی کمشنر کے ساتھ مل کر ملکہ برطانیہ کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ملکہ برطانیہ کی سالگرہ پر مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ انہوں نے اپنی عوامی خدمات کے ذریعے اپنے کردار اور شخصیت کا دنیا بھر میں لوہا منوایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ برطانیہ پاکستان کا بہت بڑا تجارتی پارٹنر ہے اور پاکستان میں جمہوری اقدار کے فروغ کے حوالے سے برطانیہ نے ہمیشہ تعاون کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے اردو اور انگریزی میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ برطا نیہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام کا خواہاں ہے اور ہمیں خوشی ہے کہ پاکستان میں جمہوریت پھل پھول رہی ہے۔ برطانیہ پاکستان اور پنجاب کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔