وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن اور سیاسی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد سے کینیڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان وینڈی کرسٹین گلمور کی ملاقات ہوئی جس میں پاک کینیڈا دوطرفہ تعلقات سمیت افغانستان اور خطے کی مجموعی صورت حال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے کی ترقی اورافغان شہریوں کی خوشحالی کے لئے ناگزیر ہے۔ افغان شہریوں کی انسانی بنیادوں پر امداد ضروری ہے اور غذائی قلت پیدا ہونے کے عوامل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن اور سیاسی استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ افغانستان ایک خود مختار ملک ہے، اپنے فیصلے خود لینے کے لئے بااختیار ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کی حکومت کو مشورہ دے سکتے ہیں کسی خاص فیصلے پر مجبور نہیں کرسکتے۔ طالبان حکومت کو اس وقت فنڈز اور انسانی وسائل کی کمی کا سامنا ہے۔
شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مالی اور انسانی وسائل کی کمی سے حکومت کو چلانا طالبان کے لئے ایک بڑاچیلنج ہوگا۔ بین الاقوامی برادری طالبان کو وقت اور وسائل دے۔ امید ہے طالبان اپنے وعدوں پر مکمل عملدرآمد کریں گے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے مزید کہا ہے کہ افغانستان سے انخلاء میں بین الاقوامی برادری کی مدد اور معاؤنت جاری رکھیں گے، کینیڈا میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کی سماجی اور معاشی ترقی میں کردار ادا کررہے ہیں۔دوسری جانب کینیڈین ہائی کمشنر نے کہا کہ کینیڈین ہائی کمیشن کی درخواست پر افغان شہریوں کے انخلاء پر پاکستان کے مشکور ہیں۔ پاکستان کا افغانستان سے غیر ملکی اور افغان شہریوں کو نکالنے میں کردار غیر معمولی کارنامہ ہے۔کینیڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان وینڈی کرسٹین گلمور نے مزید کہا ہے کہ موجودہ حالات میں افغان شہریوں کے لئے انسانی بنیادوں پر امداد کی ہے۔ پاکستان کی طرف سے تیس لاکھ افغان مہاجرین کی دیکھ بھال قابل رشک ہے۔
وزیر داخلہ شیخ رشید نے ہائی کمشنر کو یقینی دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ پاکستان کینیڈا کی درخواست پر مزید افراد کو افغانستان سے نکالنے میں معاؤنت فراہم کرے گا۔