اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کا سلسلہ جاری، موذی وباء نے مزید 41 افراد کی زندگیاں چھین لیں جبکہ ملک میں مزید 14 سوا فراد کورونا کا شکار ہوگئے۔
این سی او سی کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ہزار 116 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 1400 مثبت آگئے ۔ملک میں مثبت کیسز کی شرح 3 اعشاریہ 17 فیصد رہی جبکہ کورونا نے 41 افراد کو زندگیوں سے محروم کردیا اور 4015 افراد کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ عدالت کی جانب سے کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں کی گرفتاریاں روکنے کے احکامات کے بعد محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق کورونا ایس او پیز کا حکم نامہ جاری کیا جاچکا ہے۔صوبے میں موٹر وے پر سفر کرنے کے لیے کورونا ویکسی نیشن لازمی قراردی گئی ہے اورکہا گیا ہے کہ بسوں، ریل گاڑیوں، ٹیکسی ڈرائیور، ہوم ڈیلیوری سروس والے اسٹاف کے لئے بھی کورونا ویکسی نیشن لازمی ہے اوروہ فوری طورپرویکسی نیشن کرالیں۔
علاوہ ازیں حکمنامہ میں کہا گیا ہے کہ 26اور 27ستمبر کومتعلقہ ادارے خصوصی طور پر کورونا ویکسی نیشن کارڈ لازمی چیک کریں اورعملے کی ویکسی نیشن نہ کرانے والے بس اسٹینڈ اور بسوں کو سربمہر کیا جائے گا۔
محکمہ داخلہ سندھ کورونا ایس او پیز سے متعلق نئے احکامات پر عمل درآمد کے لئے صوبے کے تمام کمشنرز کو ہدایات جاری کی ہیں جبکہ پولیس اور انتظامیہ کو سخت ایکشن لینے کی ہدایت کی ہے۔