خواجہ جلال الدین رومی چیمبر آف کامرس ڈیرہ کے بلا مقابلہ صدر منتخب
ڈیرہ غازی خان( بیورو رپورٹ) الیکشن کمشنر چوھدری اطہر بشیر چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈیرہ غازی کے اعلان کے مطابق سال 2020۔21 معروف صنعت کار وسابق صدر چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ملتان اور سابق صوبائی وزیر صنعت خواجہ جلال الدین رومی بلا مقابلہ صدر منتخب ہو گئے ، ان کے ساتھ سنیئر نائب صدر محمد لطیف خان پتافی اور نائب صدر شیخ محمد زاہد نظام اور چھبیس رکنی ایگزیکٹو کیمٹی کے مقابلے میں کسی نے بھی کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے، یوں باقی عہدے داران بھی بلا مقابلہ منتخب ہوئے ۔ نو منتخب صدر چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری ڈیرہ غازی اس سے پہلے دو مرتبہ ملتان چمبرز کے صدر ہونے کے علاوہ سابق صوبائی وزیر صنعت ،سابق چیئرمین بورڈ آف ڈائریکٹرز نشتر میڈیکل کالج و ہسپتال اور ملتان ڈرائی پورٹ ٹرسٹ کے صدر کے طور پر کام کر چکے ہیں، فلاحی کاموں میں ان کا نام سرفہرست ہے ملکی سطح پر بھی انہوں نے وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی وساطت سے ترقیاتی کاموں کی مد میں فنڈز میں اپنا بھرپور حصہ شامل کیا ہے۔ علاقائی سطح پر بھی وہ غریب اور دکھی انسانیت اور نشتر میڈیکل کالج و یونیورسٹی میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں پیش پیش رہے ہیں۔اس موقع پر نومنتخب صدر خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ ملتان کے بعد ڈیرہ غازی خان میرا دوسرا گھر ہے، کہ اس علاقے کے سینکڑوں افراد ہمارے مختلف منصوبوں میں کام کر رہے ہیں، جس وجہ سے ضلع ڈیرہ غازی خان میں بے روزگاری ختم کرنے میں ہمارا بھی کردار ہے۔انھوں نے کہا کہ وہ جلد ہی وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات میں مطالبہ کریں گے کہ ڈیرہ غازی خان میں چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو دفتر کے لیے جگہ دی جائے، تاکہ یہاں کے کاروباری طبقے کو اپنا دفتر میسر آ سکے، خواجہ جلال الدین رومی نے مزید کہا کہ وہ اپنے نومنتخب عہدے داروں کے تعاون سے ڈیرہ غازی خان میں بے روزگاری کے خاتمہ کے علاوہ، نئی صنعتوں کے قیام کے لیے کوشیشوں کا آغاز کروں گا۔تاکہ علاقے میں صحت مند کاروباری ماحول کو فروغ مل سکے۔ انھوں نے کہا کہ کرونا کی وجہ سے ملک کا کاروباری طبقہ پہلے ہی مسائل کا شکار ہے۔ایسی صورت میں ہمارا یہ مشن ہے کہ پہلے بند انڈسٹری کو فعال کیا جائے اس کے بعد نئے کاروباری مواقع پیدا کرنے حکومت کے تعاون سے انڈسٹری کے فروغ کے لئے دن رات کام کیا جائے خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ ضلع ڈیرہ غازی خان کی تعمیر و ترقی کے لیے اس شہر کے کاروباری طبقے کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے وہ متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے، خاص طور پر سی پیک منصوبے کے تحت ڈیرہ غازی خان کو لنک کر کے یہاں پر ایک طرف بیروزگاری کے خاتمے میں کمی واقع ہو گی تو دوسری جانب علاقے میں نئے کاروباری مواقع پیدا ہوں گے، خواجہ جلال الدین رومی نے کہا کہ ڈیرہ غازی خان چمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے تحت نئی انڈسٹری لگانے کے لیے ون ونڈو انفارمیشن سینٹر بھی قائم کیا جائے گا جس کے تحت بیروزگار نوجوانوں کو سمال انڈسٹری لگانے کے لیے رہنمائی کی جائے گی۔