بھارت کے سابق وزیردفاع جسونت سنگھ کا 82 سال کی عمر میں انتقال
نئی دہلی (صباح نیوز) بھارت کے سابق وزیر دفاع جسونت سنگھ انتقال کرگئے ، آخری رسومات جودھپور میں ادا کی جائیں گی۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارت کے سابق وزیر دفاع جسونت سنگھ کی موت اتوار کی صبح چھ بجے کے بعد ہوئی،جسونت سنگھ بھارت کے وزیر خارجہ اور وزیر خزانہ بھی رہے۔سابق وزیر دفاع کی عمر82 سال تھی۔ انہیں رواں سال جون میں ہسپتا ل میں داخل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہو سکے ۔انہیں قائداعظم پر کتاب لکھنے اور بانی پاکستان کی تعریف کرنے پر بھارتی جنتا پارٹی نے2009میں پارٹی سے بے دخل کر دیا تھا جس کے بعد وہ آزاد امیدوار کی حیثیت سے الیکشن لڑتے رہے۔جسونت سنگھ کی کتاب جناح تقسیم ہند کے آئینے میں پر گجرات میں پابندی لگا دی گئی تھی لیکن ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد محمد علی جناح پر تحریر کردہ ان کی کتاب سے پابندی ہٹا لی گئی تھی۔