لندن: نوازشریف کی رہائش کے باہر احتجاج‘ ہمارا تعلق نہیں: پی ٹی آئی
لندن (نیٹ نیوز) سابق وزیراعظم نواز شریف کی لندن میں رہائش گاہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر نقاب پوش افراد نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر ’گو نواز گو‘ کے نعرے درج تھے۔ تاہم نقاب پوش افراد پولیس کے آنے پر منتشر ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے احتجاج کیلئے اجازت نہیں مانگی تھی اور کرونا کے باعث 6 سے زائد افراد کے اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف برطانیہ نے احتجاجی مظاہرے سے لاتعلقی کا اعلان کیا ہے۔ نواز شریف کے گھر کے باہر درجنوں افراد نے گو نواز گو کے نعرے لگائے۔ مظاہرین نے نواز شریف کی گاڑیوں‘ گھر کے باہر پاکستان واپسی کے پوسٹرز آویزاں کر دیئے۔ نواز شریف اور خاندان کے دیگر افراد مظاہرے کے وقت گھر میں موجود تھے۔ مظاہرین نے نواز شریف سے پاکستان واپس جانے کا مطالبہ کیا۔ تحریک انصاف برطانیہ نے کہا ہے کہ مظاہرے سے پی ٹی آئی کا کوئی تعلق نہیں۔