کویت سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائے: اسد عمر
اسلام آباد (آئی این پی) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، کویتی سرمایہ تیل، گیس کی تلاش کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں، کویت سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے بھی فائدہ اٹھائے،کویت کے وزیرتجارت نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کویت کا کردار نمایاں ہے۔جمعرات کو پاکستان کویت مشترکہ وزارتی کمشن کے 2روزہ افتتاحی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرخزانہ اسد عمر نے کی۔ کویت کا وفد وزیر تجارت خالد نصرعبداللہ کی قیادت میں اجلاس میں شریک ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخزانہ اسد عمر نے کہا کہ 7سال بعد پاکستان کویت مشترکہ وزارتی کمشن کا اجلاس خوش آئند ہے، تجارتی خسارے پر قابو پانے کیلئے کویت کو برآمدات بڑھانا چاہتے ہیں۔ کویت کے وزیر تجارت خالد نصراللہ نے کہا کہ پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں کویت کا کردار نمایاں ہے، پاکستان کے ساتھ تجارت سمیت دیگر شعبوں میں تعاون مزید بڑھائیں گے۔