ہائیکورٹ نے سابق وفاقی خاتون محتسب یاسمین عباسی کے فیصلے کالعدم قر ار دیدیئے
لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائی کورٹ نے وفاقی خاتون محتسب جسٹس ریٹائرڈ یاسمین عباسی کے فیصلے کالعدم قرار دے دیئے۔ ڈویژن بنچ نے فیصلے میں کہا کہ سابق وفاقی محتسب جسٹس ریٹائرڈ یاسمین عباسی نے عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کی۔عدالت نے 24 جولائی 2017 کو حکم امتناعی جاری کیا مگر وفاقی محتسب نے کارروائی جاری رکھی جو قانون کی خلاف ورزی ہے۔جسٹس ریٹائرڈ یاسمین عباسی نے عدالتی حکم نظر انداز کیا اور18دسمبر 2017 کو فیصلہ بھی سنا دیا۔جسٹس ریٹائرڈ یاسمین عباسی کے 4اگست 2017 اور 18 دسمبر 2017 کے فیصلے غیر قانونی ہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ فریقین 4اکتوبر کو خاتون محتسب کشمالہ طارق کے روبرو پیش ہوں۔درخواست میں عدالتی حکم امتناعی کے باوجود سابق خاتون محتسب کی طرف سے کی جانے والی کارروائی کو چیلنج کیا گیا تھا۔