بجلی کے نرخوں میں اضافہ فوری واپس لیا جائے:حامد رضا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں اضافہ موخر نہیں منسوخ کیا جائے۔ بلدیاتی نظام میں تبدیلی کے لئے قومی مشاورت ضروری ہے۔ امریکہ کا ایران پر اقتصادی پابندیاں مزید سخت کرنے کا اعلان قابل مذمت ہے۔ امریکہ عالمی تھانیدار بن کر عالمی امن تباہ کر رہا ہے۔ بیرونی بینکوں میں موجود 375 ارب ڈالر ملک میں واپس لا کر معاشی مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ وزیراعظم کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لئے جانا چاہیے تھا۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ذمہ دار سابق حکمرانوں کو عدالت میں طلب کرنے کی درخواستوں کا مسترد ہونا افسوسناک ہے۔ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے ماسٹر مائینڈ سزا سے بچ نہیں سکیں گے۔ شہداء ماڈل ٹاؤن کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ حکومت کے پہلے ایک ماہ میں عوام کو ریلیف نہیں ملا۔ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا ایکسپورٹر ہے۔ وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں کلبھوشن کا معاملہ اٹھائیں اور دنیا کو بھارت کی امن دشمنی سے آگاہ کریں۔ بھارت کا جنگی جنون خطے کے امن کے لئے مسلسل خطرہ بنا ہوا ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں طاقت کے وحشیانہ استعمال کے باوجود بے بس ہو چکا ہے۔