ملیکہ علی چیئرپرسن بی آئی ایس پی اے ڈی خواجہ آئی جی موٹر وے تعینات
اسلام آباد ( نوائے وقت نیوز) وفاقی بیوروکریسی میں اعلیٰ سطح پر تبادلے اور تقرریاں، حکومت نے متعدد وفاقی سیکرٹریوں کو تبدیل کر دیا۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تبادلے اور تقرریوں کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق معروف افضل کو سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی، اعظم سلیمان کو وفاقی سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی، مشتاق احمد کو سیکرٹری مذہبی امور، خالد مسعود چوہدری کوسیکرٹری نیشنل سیکیورٹی ڈویژن جبکہ افتخار حسین بابر کو سیکرٹری ٹیکسٹائل ڈویژن تعینات کر دیا گیا ہے۔اسی طرح اظہر علی چوہدری کو سیکرٹری صنعت وپیداوار رضوان ملک کو سیکرٹری نجکاری کمیشن عمران احمد کو سپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن مقرر کیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے اے ڈی خواجہ کو آئی جی موٹروے پولیس، معظم جاء انصاری کوکمانڈنٹ ایف سی، امجد جاوید سلیمی کوکمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی مقرر کیا ہے جبکہ رابعہ جویری کی بطور سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی تقرری کا نوٹیفکیشن منسوخ کر دیا گیاہے۔ گریڈ 21-کی افسر رخسانہ یاسمین کو ایم ڈی قومی ٹرسٹ معذوراں لگایا گیا ہے جبکہ گریڈ21-ہی کے محمد رشید کی خدمات حکومت سندھ کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ملیکہ علی بخاری کو چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام تعینات کردیا گیا‘ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔