دھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی میں سینٹ کو نمائندگی دینے پر اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مبینہ انتخابی دھاندلی پر پارلیمانی کمیٹی بنانے کیلئے سپیکر قومی اسمبلی اسدقیصر کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پارلیمانی کمیٹی میں سینٹ کو بھی نمائندگی دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی‘ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں شبلی فراز‘ ایاز صادق‘ سید خورشید شاہ‘ فرخ حبیب شامل تھے۔ پارلیمانی کمیٹی کے ارکان کی کل تعداد 24 ہوگئی۔ پارلیمانی کمیٹی میں دو تہائی ارکان قومی اسمبلی‘ ایک تہائی سینٹ سے ہوں گے۔ سینٹ پارٹی پوزیشن کے تناسب سے ارکان کے نام دے گا۔ قومی اسمبلی میں بھی اسی طریق کار پر عمل کیا جائے گا۔ صباح نیوزکے مطابق ذرائع کا کہنا ہے خورشید شاہ نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے ملاقات کی۔ خورشید شاہ نے اپوزیشن کے مطالبے پر سپیکر کو قائل کرلیا جس کے بعد پارلیمانی دھاندلی کی تحقیقاتی کمیٹی میں سینٹ ارکان کو شامل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔