پاکستان قربانیوں سے بنا‘ ڈیم مخالفین سوچ بدلیں‘پیر کلیم خورشید
اسلام آباد(صلاح الدین /نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرپیرکلیم خورشید نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف ، ان کی بیٹی مریم نواز اورکیپٹن صفدرکی سزاوں کی معطلی کے فیصلے کے حوالے سے کہاکہ استغاثہ نے درست اور مکمل تحقیقات نہیں کیں، ملک میں جمہوری کلچر کا فروغ وقت کا تقاضا اور قوم کے مفاد میں ہے، تحریک انصاف کو عوامی مینڈیٹ ملا ہے تو اسے حکومت کرنے اور کارکردگی کے لئے وقت دینا چاہئے، پاکستان میں وہی لوگ ڈیم کی مخالفت کررہے جواپناالیکشن تک نہیں جیت سکتے یہ لوگ بھارت کے ڈیموں پراعتراض نہیں کرتے لیکن پاکستان میں ڈیم بنانے کی مخالفت میں پراپیگنڈا کرتے رہتے ہیں مخالفت کرنا مایوس اور ناکام لوگوں کا کام ہے، ملک میں صرف دو طبقات ہیں غریب اور اشرافیہ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ سپریم کورٹ بار کے صدر پیر کلیم خورشید نے مزید کہا کہ ایک فیصد لوگ 20کروڑ عوام کے وسائل پرقابض ہیںپاکستان کواپنے پاں پرکھڑ اکرنے کیلئے ہم سب کواپنا اپنا کردا ر ادا کرنا ہوگا، سسٹم کوچلناچاہیے تاکہ ملک ترقی کی راہ پرگامزن ہوسکے، پانی کے قلت کے حوالے سے کہاکہ زیادہ سے زیادہ ڈیموں کی تعمیر ملک کی ضرورت ہے لیکن میں اس بات پر حیران ہوں کہ جولوگ بھارت کے ڈیموں پرتواعتراض نہیں کرتے وہ پاکستان میں ڈیم بنانے کی مخالفت کررہے ہیں ان لوگوں کوسوچناچاہیے کہ وہ اپنی نئی نسل کوکیا دے رہے ہیں، ہمارا پاکستان بہت قربانیوں کے نتیجے میں بنا ہے اس لئے مخالفین کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی،انہوں نے ملک میں موجودہ کرپشن کی صورتحال کے بارے میں کہاکہ یہاں ہر جگہ کارٹل بن گئے ہیں عوام کودونوں ہاتھوں سے لوٹا جارہا ہے ،چاہے خور دنی تیل ہو ، کاریں ،شوگر، کاٹن یا سیمنٹ انڈسٹری اورفارماسوٹیکل کاشعبہ ہو، سب عوام کولوٹ رہے ، بزرگوں کے بعد اب عوام نئی نسل سے مایوس نہیں ہیں۔