مہنگے ہیلمٹ: پنجاب حکومت کیخلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر
لاہور (وقائع نگار خصوصی+نامہ نگار) مہنگے ہیلمٹ کی فروخت کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ہیلمٹ مافیا کی وجہ سے ہیلمٹ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں اور ہیلمٹ عام عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ درخواست میں پنجاب حکومت اور دیگر کو فریق بنایا گیا۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ ٹریفک جرمانوں میں اضافے کے بعد ہیلمٹ مافیا سرگرم ہو گیا ہے جس سے ہیلمٹوں کی قیمتوں میں بے جا اضافہ ہوگیا۔ درخواست میں نشاندہی کی گئی کہ دکاندار مافیا نے ہیلمٹوں کی قیمتیں دوگنی کر دی ہیں۔ درخواست گزار کے وکیل نے استدعا کی پنجاب حکومت اور ٹریفک پولیس غریب عوام کو مفت ہیلمٹ فراہم کرے اور حکومت کو مارکیٹ میں فروخت ہونے والے ہیلمٹ کی قیمتیں کم کرنے کا بھی حکم دے۔’’ضرورت ایجاد کی ماں‘‘صوبائی دارالحکومت میںہیلمٹ نہ پہننے کے باعث ٹریفک وارڈنز کے چالان سے بچنے کیلئے شہری عجیب و غریب طریقے اپنانے لگے۔ مال روڈ پر شہری نے گتے کے ڈبہ کا ہیلمٹ پہن کر سفر کیا۔لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر شہر بھر میں ہیلمٹ کو لازمی قرار دیا گیا، ہیلمٹ نہ پہننے پر ٹریفک وارڈنز کی جانب سے کسی قسم کی رعایت نہیں دی جارہی، تاہم بھاری چالان سے بچنے کے لیے ایک شہری نے گتے کے ڈبے کوجبکہ ایک اور شہری نے پلاسٹک کے برتن کو ہیلمٹ بنا لیا۔ شہری نے سر پر گتے کا ڈبہ پہن کر مال روڈ پر سفر کیا تاہم اس دوران کسی وارڈن نے روکا یا اس کا چالان نہیں کیا۔