تھانہ گرین ٹائون پولیس کے مبینہ تشدد سے زیرحراست ڈاکو ہلاک، ورثا کا احتجاج
لاہور، فیصل آباد (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) تھانہ گرین ٹائون انویسٹی گیشن پولیس کے مبینہ تشدد سے زیر حراست ڈاکو ہلاک ہو گیا ہے ورثاء کا شدید احتجاج،کچا جیل روڈ کا رہائشی عمر قیصرڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث ہونے پر جیل میں قید تھا۔جسے گرین ٹائون انویسٹی گیشن پولیس ڈکیتی کے ایک مقدمے میں تفتیش کے لئے تھانے لائی تھی۔ گزشتہ روزتھانے میں پولیس کے مبینہ بہیمانہ تشدد سے ہلاک ہو گیا۔پولیس کا کہناہے کہ گذشتہ روز عمر قیصر کواچانک طبیعت خراب ہونے پرطبی امداد کے لئے ہسپتال پہنچایا گیا،مگر وہ جانبر نہ ہو سکا۔ عمرنشئی تھا اوراس کی موت دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے ہوئی ہے۔ عمر قیصر کے لواحقین نے الزام عائد کیا ہے کہ عمر قیصرکو پولیس نے بہیمانہ تشدد کرکے قتل کیا ہے۔ ورثاء نے شدید احتجاج کیا اور اعلیٰ پولیس حکام سے واقعہ کا نوٹس لینے اور ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دریں اثنا فیصل آباد میں تھانہ جھمرہ کی چوکی برنالہ میں زیر حراست نوجوان جاں بحق ہوگیا۔ لواحقین نے پولیس پر تشدد کا الزام لگاتے ہوئے نعش سڑک پر رکھ کر پولیس کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ چوکی برنالہ میں زیرحراست نوجوان شہروز کی طبیعت خراب ہونے پر اسے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہو جانبر نہ ہو سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہروز کی موت سانپ کے ڈسنے سے ہوئی جبکہ لواحقین نے پولیس پر الزام عاـئد کیا کہ شہروز کو پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا جس سے اس کی موت واقع ہوئی۔