کام کرنے کی جگہ پر ہراسمنٹ قانون سے تمام ورکرز کو آگاہی ہونی چاہیے
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر امجد محمود نے کہا ہے کہ مقام کار پر ہراساں کرنے کے حوالے سے قانون پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔ جمعرات کو پمز میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ کے تعاون سے مقام کار پر ہراساں کے حوالے سے سیمینار کا منعقد ہوا۔ سیمینار میں پمز کے سٹاف کو مقام کار پر ہراساں کرنے کے حوالے سے قانون کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے سیشن کا انعقاد کیا گیا۔ اس سیشن میں خواتین کو مقام کار پر ہراساں کرنے کے قانون پر خصوصی روشنی ڈالی گئی۔ اس موقع پر پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر امجد محمود نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقام کار پر ہراساں کرنے کے قانون پر اس کی اصل روح کے مطابق عملدرآمد ہونا چاہیے، اس سے تمام ورکر اور بالخصوص خواتین مکمل آزادی اور دلجمعی کے ساتھ بغیر کسی دبائو کے اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کام سر انجام دے سکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کام کرنے کی جگہ پر ہراسمنٹ کے قانون سے تمام ورکرز کو آگاہی ہونی چاہیے تب ہی وہ اس قانون سے استفادہ کر سکیں گے اور کام کرنے کی جگہ میں بہتر ماحول کو یقینی بنایا جا سکے۔ سیمینار میں مختلف شعبوں کے سربراہان، فیڈرل میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے پرنسپل، کالج آف نرسنگ اینڈ میڈیکل ٹیکنالوجی کے پرنسپل اور چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ کے علاوہ بڑی تعداد میں ڈاکٹر، نرسنگ سٹاف اور دیگر ہیلتھ کیئر ورکرز کی بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔