نکاح کا جھانسہ دیکر ورغلانے پر خاتون کی حصول انصاف کیلئے درخواست
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) نکاح کا جھانسہ دے کر ورغلانے پر خاتون نے صوبائی محتسب میں انصاف کے حصول کی درخواست دائر کر دی۔ جوابی کارروائی کرتے ہوئے ملزم نے ویمن پولیس سٹیشن میں خاتون کے خلاف دھمکیوں کی درخواست دے دی۔ بتایا گیا ہے کہ صغریٰ نامی خاتون نے صوبائی محتسب میں درخواست دائر کی ہے کہ اس سے اشتیاق نامی ملزم نے شادی کا وعدہ کیا اور کینٹ کچہری لے جا کر نکاح درج کرانے کا کہا۔ بعدازاں صغریٰ نے جب نکاح نکامہ کی کاپی مانگی تو اشتیاق نے کہا کہ اس نے کوئی نکاح نہیں کیا جس پر صغریٰ نے دھرمپورہ تھانے میں درخواست اندراج مقدمہ دائر کی اور صوبائی محتسب میں بھی درخواست جمع کرا دی۔ اشتیاق نے ویمن پولیس سٹیشن چوبری میں درخواست دی کہ صغریٰ اسے قتل کی دھمکیاں دے رہی ہے۔