ناچ گانے کی محفلوں سے زیادہ مصیبت زدہ عوام کے آنسو پونچھنا ضروری ہے: حمزہ شہباز
لاہور (خصوصی رپورٹر) پنجاب کے سیاحتی مقامات کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ وادی سون سکیسر کو آئیڈیل سیاحتی مرکز بنا دیا جائیگا۔ اللہ تعالی نے ہمارے ملک کو بڑی فیاضی سے حسین قدرتی مناظر اور صحت افزاء مقامات سے نواز رکھا ہے۔ ان خیالات کااظہار رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز شریف نے پنجاب ٹور ازم کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب میں کیا۔ انہوں نے کہاکہ صوبائی ٹورازم پالیسی کا بھی جلد اعلان کر دیا جائیگا۔ ایک طرف حکومت صوبے کے عوام کی ترقی کیلئے تگ ودو کررہی ہے دوسری طرف دھرنے والے پارلیمنٹ اور پی ٹی وی پر دھاوے بول کر نہ صرف پوری دنیا میں جگ ہنسائی کا باعث بن رہے ہیں بلکہ ملکی معیشت کو بھی سخت نقصان پہنچا رہے ہیں۔ دھرنوں میں 10 لاکھ بندے لانے والوں سے قوم سوال کررہی ہے کہ انکے پونے دس لاکھ بندے دھرنے میں کیوں نہیں آئے۔ دھرنا ڈرامہ اب اپنے اختتام کے قریب ہے۔ پاکستان کے مسائل دھرنے نہیں بلکہ سیلاب زدگان او رآئی ڈی پیز کے متاثرین ہیں ناچ گانوں کی محفلیں سجانے او رجشن منانے سے مصیبت زدہ عوام کے آنسو پونچھنا کہیں زیادہ ضروری اور مقدم ہے۔ میٹرو بس منصوبے کو جنگلا بس کہنے والے آج کس منہ سے خیبر پی کے میں میٹروبس چلانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ دیامیر بھاشا ڈیم کیلئے ورلڈ بنک نے فنانسنگ شروع کردی ہے۔ حکومت عوام کے مسائل کے خاتمے کیلئے دن رات کام کر رہی ہے مگر یہ لوگ لندن پلان اور دیگرسازشوں کے ذریعے حکو مت کی توجہ اس کے اصل کام سے ہٹانا چاہتے ہیں۔