گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کو گرفتار کیا جائے: بلال یاسین

28 ستمبر 2014

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ڈی سی اوز کو ہدایت کی کہ عام آدمی کو اشیاء ضروریہ کی مقررہ کردہ نرخوں پر وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔  اوور چارجنگ و اشیاء کی مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کو پابند سلاسل کیا جائے۔ سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی پرائس کنٹرول کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سبزی و فروٹ منڈیوں میں انتظامیہ، پولیس، مارکیٹ کمیٹی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسر موجود رہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسران کی موجودگی کو چیک کرنے کے لئے وہ خود مختلف شہروں کی منڈیوں کے اچانک دورے کریں گے اور اگر کوئی افسر غیر حاضر پایا گیا تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی جائے گی۔