حافظ آباد میں پولیس مقابلہ، اے ایس آئی شہید،2 ڈاکو ہلاک

28 ستمبر 2014

حافظ آباد + پنڈی بھٹیاں (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) حافظ آباد کے نواحی گاؤں مصطفیٰ آباد کے قریب پولیس اور ڈاکوؤں میں مقابلہ کے نتیجہ میں ایک اے ایس آئی شہید جبکہ دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ ہلاک ہونے والے ڈاکو سنگین وارداتوں میں ملوث تھے۔ تھانہ صدر کا اے ایس آئی رائے محمد افضل دیگر اہلکاروں کے ہمراہ معمول کے گشت پر تھا۔ مصطفیٰ آباد کے قریب پولیس اہلکاروں نے موٹر سائیکل سوار ثناء اللہ اور وسیم کو شک گزرنے پر روکا تو انہوں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کر دی۔ اے ایس آئی رائے محمد افضل موقع پر ہی شہید ہو گیا ڈاکو فائرنگ کرتے  فصلوں میں چھپ گئے۔ پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان دو گھنٹے تک فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد دونوں ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ مقابلہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او محمد زبیر دریشک پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق ڈاکو شہباز اور وسیم مارے گئے۔دریں اثناء پولیس مقابلہ میں شہید ہونے والے اے ایس آئی محمد افضل کی نماز  جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں آر پی او گوجرانوالہ سعد اختر بھروانہ، ڈی پی او محمد زبیر دریشک سمیت پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آر پی او نے کہا کہ شہید محمد افضل کے بیٹے کو پولیس میں ملازمت اور اس کے اہلخانہ کو 30لاکھ روپے بھی دئیے جائیں گے۔