بھیڑیوں کا گروہ عمران اور تحریک انصاف پر ٹوٹ پڑا: جاوید ہاشمی
ملتان (جنرل رپورٹر) مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ استعفیٰ دینے سے قبل مجھ پر بے پناہ دبائو تھا کہ فارورڈ بلاک بنا کر اپنی سیاست جاری رکھوں لیکن میں فارورڈ بلاک بنا کر اپنے سیاسی عمل کو منجمد نہیں کرنا چاہتا تھا، آزاد رہ کر قومی اسمبلی میں عوام کی آواز بنوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ شاہ محمود قریشی اپنے ضلعی گروپ کو مضبوط کرنے کیلئے تحریک انصاف اور عمران خان کی شخصیات کو استعمال کرنے کی سازش کررہے ہیں اور مجھے خدشہ ہے کہ عمران خان اور تحریک انصاف کو مزید نقصان پہنچائیںگے، بھیڑیوں کا ایک گروہ عمران خان اور تحریک انصاف پر ٹوٹ پڑا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑے جلسے کرنا اور الیکشن میں کامیابی حاصل کرنا دو الگ باتیں ہیں، اربوں روپے ان دھرنوں اور جلسوں پر خرچ کئے جارہے ہیں۔