صدر ژی جن پنگ کے دورہ کے منتظر ہیں، سرتاج عزیز، جیسے ہی موقع ملا وہ آئیں گے: چینی وزیر خارجہ

28 ستمبر 2014

نیویارک (آن لائن) وزیراعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے نیویارک میں چینی وزیر خارجہ وانگ ژی سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات کے دوران چینی وزیر خارجہ نے کہا چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ وزیراعظم نوازشریف نومبر میں ہونے والے  ہیگ کے رہنمائوں کے غیر رسمی اجلاس میں شرکت کریں۔ چینی صدر کو بھی جیسے ہی موقع ملا پاکستان کا دورہ کریں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کیلئے اہم اقدامات کریں گے۔ چین پاکستان کے د رمیان اقتصادی و تجارتی راہداری کو فروغ کیلئے مکمل کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کو شنگھائی تعاون تنظیم کی رکنیت دینے کا بھی بھرپور حامی ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستانی حکومت اور عوام دونوں ہی چینی صدر ژی جن پنگ کے دورے کے منتظر ہیں۔ انہوں نے  کہا  کہ پاکستان اور چین مختلف اہم امور پر یکساں موقف رکھتے ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان بھی دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی راہداری کو فروغ دینے کیلئے مکمل تعاون کرنے کو تیار ہے۔