’’گجرات فسادات کیس‘‘ مودی کو عدالتی سمن پکڑانے والے کیلئے 10 ہزار ڈالر کا انعام

28 ستمبر 2014

نیویارک (نیٹ نیوز) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیخلاف 2002ء کے گجرات فسادات میں ملوث ہونے پر نیویارک کی وفاقی عدالت میں کیس دائر کرنیوالی تنظیم امریکن سینٹر فار جسٹس نے مقدمے کے سمن کی مودی سے تعمیل کرانے والے کیلئے 10 ہزار امریکی ڈالر انعام کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے نریندر مودی آج کل اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے نیویارک میں ہیں تاہم امریکی وہائٹ ہاؤس کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیراعظم کو کسی بھی عدالتی قانونی کارروائی سے بین الاقوامی قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے اور جنرل اسمبلی کے اجلاس میں حصہ لینے والے سفارتکاروں کو بھی نیویارک میں قانونی چھوٹ حاصل ہوتی ہے جبکہ امریکن سنٹر فار جسٹس نے گراؤنڈ زیرو‘ سنٹرل پارک یا میڈیسن سکوائر گارڈن میں مختلف پروگراموں کیلئے بھارتی وزیراعظم کی ممکنہ آمد پر انہیں عدالتی سمن پکڑانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے۔ واضح رہے 2002ء میں نریندر مودی جب بھارتی ریاست گجرات کے وزیراعلیٰ تھے ہندوؤں کے کرائے گئے فسادات میں 2 ہزار سے زائد مسلمان شہید کردئیے گئے تھے۔ نریندر مودی پر نہ صرف فسادات رکوانے میں ناکام رہے بلکہ انہیں بھڑکانے کی سازش کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔