شاہ محمود نے بجلی بل جمع کرا دئیے: غیرضروری سوال ہے: صحافی کے پوچھنے پر جواب

28 ستمبر 2014

ملتان (نوائے وقت رپورٹ) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اپنی ہی سول نافرمانی تحریک کی نافرمانی کردی۔ شاہ محمود قریشی نے اپنے ملتان میں گھر کے بل ادا کر دئیے۔ شاہ محمود قریشی کے گھر کے 6 بلوں کی رقم 96 ہزار بنتی تھی جو ادا کردی گئی۔ دریں اثناء ایک جلسہ کے دوران شاہ محمود قریشی سے جب پوچھا گیا کہ آپ نے بجلی کے بل ادا کر دئیے ہیں تو انہوں نے کہاکہ غیرسنجیدہ اور غیرسیاسی بات کا جواب نہیں دیتا، یہ غیرضروری سوال ہے اس بات کو ’’ویل لیفٹ‘‘ کررہا ہوں۔ دریں اثناء شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت اوراسمبلی اپنی مدت پوری نہیں کریگی‘ عمران خان ملک کے آئندہ وزیراعظم ہونگے ‘ سپیکر کی چال سمجھ رہے ہیں ‘ استعفوں کی تصدیق کیلئے انفرادی طور پر نہیں جائیں گے ‘ نئے پاکستان کی تحریک کا آغاز مینار پاکستان سے کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام نے عمران خان کا شاندار استقبال کیا۔ اب ہم اندرون سندھ بھی رابطوں کا آغاز کر رہے ہیں۔ عمران خان کے کنٹینر کو پہیے لگا کر کوئٹہ اور ملتان جائیں گے اس کے بعد دھرنا پنجاب کے باقی دیہاتوں سے ہوتا ہوا گھوٹکی کے راستے سندھ میں داخل ہو گا کیونکہ سندھ کے عوام بھی کرپشن سے تنگ ہیں ۔ باغی کون ہے اور داغی کون اور وقت بتائے گا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سراج الحق محترم ہیں جلد جرگے سے ملاقات کریں گے۔ الیکشن 2018ء سے پہلے دیکھ رہا ہوں حکومت اپنی مدت پوری نہیں کر سکے گی۔