لاہور کے جلسے میں آج ریکارڈ ٹوٹیں گے‘ قوم کو جگانے شہر شہر جائونگا: عمران
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں آزادی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچوں کو صحیح معنوں میں پاکستانی بنائیں گے، بچوں کیلئے منشور لکھوں گا‘ دھرنے کو45 روز ہونے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ سب کیلئے ایک تعلیمی نظام لائیں گے۔ بچوں کو بتائیں گے کہ پاکستان کیوں بنایا گیا، ہمیں ایک قوم بننا ہے، بچوں کو اقبالیات پڑھائیں گے۔ حکمرانوں کے پاس پیسہ کہاں سے آیا؟ یہ پوچھنا ہمارا جمہوری حق ہے۔ یہ تحریک لوگوں کو جگانے کیلئے پاکستان کے ہر کونے میں جائیگی۔ ملک میں میرٹ نہ ہونے سے بہت نقصان ہوا۔ اسمبلی میں جھوٹ بولنے پر سپریم کورٹ پیر کو کیس سنے گا۔ شکر ہے یہ دن آیا ہم جھوٹے کو عدالت میں لیکر جا رہے ہیں۔ ملک کو اردو میڈیم ‘ انگلش میڈیم اور مدرسوں میں تقسیم کردیا گیا۔ مجھے لگتا ہے آج لاہور میں تاریخ کے سب ریکارڈ ٹوٹنے والے ہیں۔ جہاں میں جیتا وہاں جب چاہے گنتی کرا لیں۔ قوم کو جگانے کیلئے شہر شہر جائونگا لیکن دھرنا ختم نہیں کروں گا۔ ہر ہفتے ایک شہر جائوں گا، رات کو جلسہ کرکے آئونگا، یہاں سے نہیں جائونگا۔ نواز شریف تمہاری گیم جانتا ہوں استعفیٰ لئے بغیر نہیں جائوں گا۔ حکمرانوں کا وقت ختم ہو گیا ان سے زیادہ بات کرنا فضول ہے۔ لاہور کے تاریخی جلسے میں شہریوں کو جگا کر بل ان سے جلواؤں گا۔ آج فیصلہ ہوجائیگا کہ لاہور مسلم لیگ (ن) کا ہے یا تحریک انصاف کا۔
لاہور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+ نیوز رپورٹر) تحریک انصاف کے زیراہتمام جلسہ عام آج 3 بجے سہ پہر مینار پاکستان پر ہوگا جس کیلئے سٹیج اور پنڈال تیار کرلیا گیا۔ عمران خان اور مرکزی قائدین خطاب کرینگے۔ پنجاب بھر سے تحریک انصاف کے کارکن اور حامی شرکت کریں گے۔ صوبہ بھر سے پارٹی کے ممبران قومی و صوبائی اسمبلی اور عہدیدار جلوسوں کی شکل میں مینار پاکستان پہنچیں گے۔ سکیورٹی کا سرکاری انتظام بھی کیا گیا ہے لیکن تحریک انصاف نے سکیورٹی کیلئے الگ سے کمیٹی تشکیل دے رکھی ہے ۔ سرکاری سکیورٹی پلان کے مطابق ساڑھے چار ہزار اہلکار ڈیوٹیاں دیں گے، جن میں 5 ایس پیز، 20 ڈی ایس پیز اور 50 انسپکٹرز بھی شامل ہیں۔ داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹ بھی لگائے جائیں گے۔ ٹریفک کا بہائو برقرار رکھنے کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ چیف ٹریفک افسر طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ یادگار گرائونڈ میں ہونیوالے جلسہ کے سلسلہ میں سٹی ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے بہائو کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو ہر ممکن سفری سہولیات مہیا کرنے کیلئے تمام تر انتظامات کر لئے ہیں۔ سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے جلسے کی سکیورٹی انتظامات کو چیک کرنے کیلئے گزشتہ روز دو مرتبہ مینار پاکستان کا دورہ کیا۔ دوسری جانب جلسہ کے پیش نظر لاہور کے بڑے ہسپتالوں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ ہسپتالوں کی انتظامیہ نے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں۔ تحریک انصاف نے گزشتہ روز لبرٹی سے مینار پاکستان تک ’’گو نواز گو‘‘ ریلی نکالی، ریلی کی قیادت تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے کی۔ ریلی جیل روڈ، مال روڈ سے ہوتی براستہ بھاٹی دروازہ مینار پاکستان پہنچی۔