آرمی چیف کا دورہ ایل او سی

28 ستمبر 2014
آرمی چیف کا دورہ ایل او سی

آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایل او سی کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جہلم کے قریب ایل او سی پر جوانوں سے ملاقات کی۔ مقامی کمانڈرز نے آرمی چیف کو ایل او سی پر سکیورٹی کی صورتحال پر بریفنگ دی۔ بھارت تسلسل کے ساتھ ایل او سی اور بائونڈری لائن کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارتی در اندازی کے باعث پاک فوج کے جوان اور عام شہری جامِ شہادت نوش کر چکے ہیں۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ان حالات میں ایل او سی کے اگلے مورچوں کا دورہ کرکے جوانوں کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ آرمی چیف نے آئندہ کسی بھی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دینے کا کہا ہے۔ پاکستان نے کنٹرول لائن پر کبھی اشتعال انگیزی نہیں کی بلکہ بھارت شروع سے ہی چھیڑ خانی کرتا ہے۔ حکومت بھارت کی ایسی اشتعال انگیزی پر پہلے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتی رہی لیکن صبر کی بھی کوئی انتہا ہوتی ہے۔ آرمی چیف نے اب حکم دیا ہے، اس جرأت مندانہ فیصلے کے بعد بھارتی فوجی اب کنٹرول لائن پر بلا اشتعال فائرنگ نہیں کرینگے۔ حکومت اگر شروع سے ہی بھارت کیخلاف سخت مؤقف اپناتی تو بھارت کو اشتعال انگیزی کی کبھی جرأت نہ ہوتی آرمی چیف کے دورہ ایل او سی سے جوانوں کے جذبے مضبوط اور بلند ہوئے ہیں۔ آرمی چیف کو ملک بھر میں مختلف محاذوں پر ڈٹے ہوئے جوانوں کی حوصلہ افزائی کیلئے ایسے دورے کرتے رہنا چاہئیں۔