جی سیون ممالک کا یوکرائن کو 50ارب ڈالر کا   قرض فراہم کرنے پر اتفاق

Oct 28, 2024

 واشنگٹن(آئی این پی ) جی 7 ممالک کے رہنمائوں نے روس کے منجمد اثاثوں سے حاصل ہونے والے منافع کی بدولت یوکرائن کی مدد کے لیے 50 ارب ڈالر کے قرض کو حتمی شکل دے دی۔ فرانسیسی    خبر رساں  ادارے کے مطابق واشنگٹن میں منعقد ہ اجلاس میں  سات دولت مند جمہوری ممالک گروپ کے رہنمائوں نے کہا کہ ہمارا اس بات پر اتفاق  ہواکہ 50 ارب ڈالر کے قرض کس طرح فراہم کیے جائیں گے جہاں اس کا مقصد اس سال کے اختتام تک فنڈز کی تقسیم شروع کرنا ہے۔جی سیون رہنمائوں نے مزید کہا کہ یوکرائن کے بجٹ، عسکری تعاون اور تعمیر نو میں مدد کے لیے متعدد ذرائع کے ذریعے قرض کی رقم تقسیم کی جائے گی۔ بیان میں کہا گیا کہ وزرائے خزانہ نے ایک تکنیکی حل پر اتفاق کیا ہے جس میں مستقل مزاجی، ہم آہنگی، قرضے کی منصفانہ تقسیم اور تمام جی سیون شراکت داروں کے درمیان یکجہتی کو یقینی بنایا جائے گا۔رہنمائوں نے مزید کہا کہ ہم یوکرائن کی حمایت کے اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں جس کی انہیں اس جنگ میں فتح کے لیے اشد ضرورت ہے۔انہوں نے روس سے مطالبہ کیا کہ وہ اس جنگ کا خاتمہ اور یوکرائن کو پہنچنے والے نقصان کی ادائیگی کرے۔ جی سیون نے بیان میں کہا کہ ہم نے ایک بار پھر یوکرائن کے ساتھ کھڑے رہنے کے لیے اپنی غیر متزلزل عزم کو واضح کر دیا ہے، وقت صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ نہیں ہے۔

مزیدخبریں