ننکانہ: ضلع بھر کے متعدد دیہات کی رابطہ سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار
ننکانہ صاحب(نامہ نگار)ضلع بھر کے بیشتر دیہات کی رابطہ سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار،لوگوں کا پیدل گزرنے بھی محال ہوگیا، شہریوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب اور وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈئیر(ر) پیر اعجاز احمد شاہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ننکانہ کے درجنوں چکوک نمبران 3 تا 20 کو آپس میں ملانے والی رابطہ سڑکیں شدید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہے جس کی وجہ سے لوگوں کو ان پر سفر کرنا انتہائی دشوار ہو گیا ہے۔سڑکوں میں بڑے بڑے گڑھے پڑ جانے کے باعث ان پر موٹر سائیکل اور گاڑی کا چلنا مشکل ہو گیا ہے، ہر وقت سڑکوں پر موجود گردوغبار اڑنے سے علاقے بھر کے لوگ سانس اور پھپھڑوں کی بیماریوں میں مبتلاء ہونے شروع ہوگئے ہیں ، چکوک کے لوگ اپنی زرعی اجناس قریبی شہروں کی منڈیوں تک پہنچانے میں شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔