پاکستان اور بیلاروس کے معاہدے

پاکستان اور بیلا روس کے درمیان مختلف شعبہ جات میں تعاون کے لیے 15 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط اور معاہدوں کا تبادلہ ہوا۔ اس سلسلے میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکوف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون اور شراکت داری کی نئی راہیں کھولنے میں انتہائی مددگار ثابت ہو گا۔ وزیراعظم اور بیلا روس کے صدر کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ بیلاروس اور پاکستان کے درمیان جامع تعاون کے روڈ میپ 27-2025ء پر دستخط کیے گئے۔ پاکستان کی جانب سے وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور بیلاروس کی جانب سے وزیر توانائی الیکسی کشنرینکو نے دستخط کیے۔ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان برقی تجارت میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔ شہباز شریف اور الیگزینڈر لوکا شینکو نے مشترکہ اعلامیہ پر بھی دستخط کیے۔ بعد ازاں بیلا روس کے صدر کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بیلا روس کے ساتھ دوطرفہ تعاون آگے بڑھائیں گے۔ ملاقات کے دوران سیاسی تعلقات، تجارت، سرمایہ کاری، دفاعی تعاون اور علاقائی مسائل سمیت مختلف موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ملکوں نے جموں و کشمیر کی صورتحال پر بات چیت کی پرامن حل پر زور دیا۔ دو ریاستی فارمولے پر مبنی آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کی۔ دونوں ملکوں کا تعاون خوشحالی اور قیام امن کی ضمانت بنے گا۔ علاقائی اور عالمی تنازعات پر دونوں ممالک کا مشترکہ موقف خوش آئند ہے۔ حکومت کو چاہیے کہ دوست ممالک کے ساتھ ہونے والے معاہدوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کرے تاکہ معاملات معاہدوں کی سطح سے آگے بڑھ کر عمل کے سانچے میں بھی ڈھل سکیں۔

ای پیپر دی نیشن