الوداع

ذوبی ریاض داد کا نام فن وثقافت اور شعر و سخن کی دنیا کے لیے نیا نہیں‘ شعری میدان میں نئے وارد ہونے والوں کو تحسین کے گلاب دینا ان کا معمول تھا، نوجوان نسل کی سرپرستی اور شعروادب کی خدمت کے معمولات نے انہیں اس مقام رشک تک پہنچا دیا جہاں پہنچنے میں لمبی مسافت اور طویل جہد کرنا پڑتی ہے۔ دنیائے ذوق اور ادب کا یہ ستارہ 15 نومبر 2022ءکو دارالفناءسے دارلبقاءمنتقل ہوا۔ اب ہم ہیںاور ان کی مودت ۔ اپنی اہلیہ کو سپرد خاک کئے آج 13 واں روز ہے ان کی یادوں اور باتوں کے گلاب ابھی تک تروتازہ ہیں
وہ کیا تھی
وہ صرف محبت تھی
اپنی محبتوں کے سائبان تان گئی
وہ صبا تھی
اپنی خوشبو چھوڑ گئی
اپنی یادیں
ان دیواروں پہ کاڑھ گئی
اپنا پیار ان طاقچوں میں رکھ گئی
اپنا احساس
ان کتابوں میں پرو گئی
وہ ایک ممتا کی طرح شفیق
ایک رہنما کی طرح ہوشیار
زندگی کی طرح سانسوں میں موجود
ہم سفر اور ہمراز تو سبھی ہوتے ہیں
وہ ہم آواز تھی
میری صدا اور میرے احساس کو سلیقہ اور تہذیب بخشنے والی
میں اسے کہاں ڈھونڈتا ہوں
وہ یہی کہیں ہے
ابھی بے آواز قدموں سے اس کی صدا مہکے گی
(اللہ داد صدیقی 0300-5059190 اسلام آباد)