عمران ملکت کیخلاف سازش، ہماری اقدار تباہ کرنا چاہتا ہے: فضل الرحمن
کوہستان (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (ف) اور حکمران اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے سابق وزیر اعظم عمران خان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے وہ کہتے ہیں اسلام آباد آتا تو تباہی مچ جاتی، اگر وہ آتے تو ان کی تباہی مچ جاتی، 10 لاکھ لوگوں کو اکٹھا کرنے کا کہہ کر صرف 10 ہزار لوگ جمع کرسکے۔ سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ عمران خان ہماری معاشی اقدار کو ختم کرنا چاہتے ہیں، وہ ہمارے نوجوانوں کو بزرگوں کے خلاف کھڑا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہم نے اپنے گھر کی حفاظت کرنی ہے، ہم نے اپنے نوجوان کو اسلام، اپنی اقدار، بڑوں کی فرمانبرداری کا راستہ دکھانا ہے، ہم مغربی تہذیب کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے صرف معاشی اور سیاسی عدم استحکام ہی پیدا نہیں کیا بلکہ انہوں نے پاکستان کے آخری حصار، ہماری دفاعی قوت کو بھی تقسیم کرنے اور آپس میں لڑانے کی کوشش اور سازش کی ہے، اگر ملک کے خلاف کوئی سازش ہے تو اس کا نام عمران خان ہے، اس کے خلاف کوئی اور سازش نہیں ہوسکتی ہے۔ عمران خان نے پنڈی میں جلسہ کیا، کہتے تھے کہ اسلام آباد آو¿ں گا، کیوں نہیں آئے۔ وہ اسلام آباد پھر آ کر دکھائیں۔
فضل الرحمن