مذہبی ہم آہنگی ملک اور قوم کیلئے بہت ضروری ہے : عرفان کھوکھر
شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی)ایف ایف او سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو ملک عرفان کھوکھر نے کہا ہے کہ پاکستان میں قومی اتحاد کے فروغ کی جتنی آج ضرورت ہے کبھی نہیں تھی‘ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے مسلمانوں کیلئے ایک ایسے خطے کی خواہش کی تھی جہاں تمام مذاہب کے لوگ مکمل آزادی کے ساتھ اپنی مذہبی رسومات ادا کر سکیں مگر بعض عناصر اس خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے کی راہ میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہے ہیں جنہیں لگام دینے کی ضرورت ہے، اپنے ایک بیان میںملک عرفان کھوکھر نے کہا کہ دین اسلام مکمل سلامتی کا دین اور ضابطہ حیات ہے‘ اسلام کے سنہری اصولوں پر عمل پیرا ہو کر ہم دنیا اور آخرت میں کامیابیاں سمیٹ سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی ملک اور قوم کیلئے بہت ضروری ہے ملک دشمن طاقتیں ملکی امن و استحکا م کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں‘ پاکستان کی سلامتی اور بقاء کیلئے تمام طبقات کو آگے آنا چاہئے اور اتفاق و اتحاد کا مظاہرہ کر کے پاکستان کو امن کا قلعہ بنانے میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔