جنگوں کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے دفاعی پیداوار میں خود انحصاری ضروری : آرمی چیف
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ آئندہ جنگوں کے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے دفاعی پیداوار کے شعبے میں خودانحصاری بے حد ضروری ہے۔ اور اس کام کیلئے تکنیکی اپ گریڈیشن، جدید کاری اور داخلی وسائل سے ترقی بہت اہم ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز پاکستان آرڈیننس فیکٹریز واہ کے دورہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ پی او ایف میں آمد پر چیف آف آرمی سٹاف کو ادارے کے مختلف پروڈکشن یونٹوں کی کارکردگی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں ادارے کی جانب سے حاصل کئے گئے اہداف، آئندہ کے منصوبوں، پائیدار پیداوار اور لاگت کو کم کرنے کیلئے جدید کاری کی منصوبہ بندی اور مسلح افواج کی موجودہ آپریشنل ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے درکار ٹیکنالوجی کے حصول کے پہلوئوں کو اجاگر کیا گیا۔ آرمی چیف کو پی او ایف کی طرف سے قومی خزانے میں حصہ ڈالنے کیلئے برآمدات میں اضافہ کرنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ آرمی چیف نے ڈسپلے لاؤنج کا دورہ کیا جہاں نئی تیار شدہ دفاعی مصنوعات رکھی گئی ہیں۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیداوار کو بہتر بنانے کے لئے پی او ایف کی انتظامیہ اور عملے کی تعریف کرتے ہوئے پی او ایف کو مسلح افواج کے پیچھے ایک ایسی قوت قرار دیا جو پاکستان کے دفاع میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہے۔ اس سے قبل چیئرمین پی او ایف لیفٹیننٹ جنرل بلال اکبر نے آمد پر آرمی چیف کا استقبال کیا۔