دنیا کرونا سے لڑرہی یہاں تماشا بنایا جارہا ، اپوزیشن عوام دشمن ، جلسے جلوس بند کرے: عمران
اسلام آباد‘ گوجرانوالہ (وقائع نگار خصوصی‘ نمائندہ خصوصی) وزیراعظم عمران خان سے ملک کے معروف صنعتکاروں پر مشتمل وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں اعظم فاروق‘ بشیر علی محمد‘ محمد علی تابہ‘ ثاقب شیرازی‘ فواد مختار‘ عارف حبیب اور حسین داؤد شامل تھے۔ وفاقی وزیر محمدحماد اظہر‘ مشیرانِ وزیر اعظم عبدالرزاق داؤد‘ ڈاکٹر عبدلحفیظ شیخ اور ڈاکٹر عشرت حسین کے علاوہ اعلیٰ سرکاری حکام بھی ملاقات میں موجود تھے۔ وفد نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری سرگرمیوں کو میسر حکومتی سرپرستی کے مثبت نتائج آنا شروع ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملکی فارن ایکسچینج ریزرو کا بلند ترین سطح پر ہونا پاکستان کی معیشت میں استحکام کی عکاسی کرتا ہے۔ حکومتی معاشی ٹیم ہر وقت ان کی رہنمائی اور مسائل کے حل کیلئے دستیاب ہوتی ہے۔ حکومتی کاوشوں سے پاکستان کا کرنٹ اکاؤنٹ کا خسارے سے نکل کر سرپلس ہونا معیشت کیلئے انتہائی خوش آئند ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت کا کام صنعتوں اور کاروباری سرگرمیوں کیلئے آسانیاں اور سہولتیں فراہم کرنا ہے ملکی ترقی و خوشحالی صنعتی شعبے اور کاروباری طبقے کی ترقی سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی فیصلہ سازی کے عمل میں صنعتکاروں کی تجاویز کو شامل کیا جا رہا ہے جس کے مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے صنعتکاروں کو ایکسپورٹس میں پیش آنے والے مشکلات کو جلد از جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعظم نے صنعتکاروں سے زراعت کے شعبے میں جدت لانے اور مختلف فصلوں کی پیداواری صلاحیت بڑھانے کیلئے بڑے پیمانے پرکارپوریٹ فارمنگ شروع کرنے کیلئے تجاویز مانگ لیں۔ دریں اثناء وزیراعظم عمران خان نے احساس کفالت پروگرام اسلام آباد کی پے منٹ سائٹ کا دورہ کیا۔ ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کفالت مستحقین کی تعداد 43 لاکھ سے بڑھا کر 70 لاکھ کر دی گئی ہے۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان سے اسلام آباد چڑیا گھر کے ہاتھی کاون کیلئے آواز اٹھانے والی امریکی گلوکارہ نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کاون ہاتھی سے متعلق امریکی گلوکارہ کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ کاون ہاتھی نے 35 سال تک عوام میں خوشیاں بانٹیں۔ امریکی گلوکارہ نے صاف ستھرے سرسبز پاکستان کیلئے وزیراعظم کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ دس بلین ٹری منصوبہ قابل تعریف ہے۔ امریکی گلوکارہ نے گرین پاکستان اقدامات سے متعلق حکومت کو تعاون کی پیشکش کی۔ عمران خان نے کہا جتنے مرضی جلسے کر لیں این آر او نہیں ملے گا۔ کرونا خطرناک حد تک پھیل رہا ہے۔ احتیاط ضروری ہے۔ ایس او پیز پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔ حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی ہوئی۔ مزید کمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان سے قائد ایوان سینٹ شہزاد وسیم نے ملاقات کی۔ ایوان بالا میں شو آف ہینڈ سے انتخابات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ شو آف ہینڈز سے انتخابی عمل میں شفافیت ممکن ہو سکے گی۔ وزیراعظم عمران خان سے گوجرانوالہ کے انصاری برادران نے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں مرکزی راہنما حاجی یونس انصاری ممبر پنجاب اسمبلی چودھری اشرف علی انصاری اور چودھری علی اصغر انصاری نے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک میں معاشی استحکام اور خصوصاً کرونا کے دوران حکومتی حکمت عملی پر وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا۔
اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی ترجمانوں اور سیاسی کمیٹی کے بعض ارکان نے اپوزیشن کو جلسے جلوس کرنے پر لیڈروں اور کارکنوں کی پکڑ دھکڑ کا مشورہ دیا تاہم وزیر اعظم نے اس سے اتفاق نہیں کیا اور کہا پاکستان تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہے وہ اپنے سیاسی مخالفین کا مقابلہ سیاسی میدان میں کرے گی۔ تاہم وزیراعظم نے کہا کہ اپوزیشن جتنے مرضی جلسے جلوس کر لے کسی کو این آر او نہیں ملے گا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم کی سرگرمیوں پر تنقید کی۔ انہوں نے حکومتی سطح پر جلسے نہ کرنے کی تجویز سے مکمل اتفاق کیا ہے۔ جمعہ کو وزیر اعظم نے حکومتی ترجمانوں اور سیاسی کمیٹی کے ارکان کا ہنگامی اجلاس بلایا جس میں ملکی سیاسی صورت حال پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اپوزیشن کے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے بارے میں پراپیگنڈا کو زائل کریں اور عوام کو پیغام دیں کہ حکومت اسرائیل کو کسی صورت تسلیم نہیں کرے گی۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لئے کوئی دبائو یا تجویز نہیں۔ حکومت کسی قسم کا دبائو قبول نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے کرونا کی دوسری لہر کو انتہائی خطرناک قرار دیا اور کہا کرونا سے بچنے کے لئے ہمیں من حیث القوم کردار ادا کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا ہے کہ اپوزیشن پہلے تو پورا ملک لاک ڈاؤن کرنے کی بات کرتی تھی اب وبائی صورتحال میں جلسے کرکے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے۔ دنیا کرونا سے لڑ رہی ہے یہاں اپوزیشن کی طرف سے قوم کو تماشا بنایا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم جلسے جلوس بند کرے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن عوام دشمن ہے۔ اپوزیشن کی تحریک سے معیشت کو نقصان ہو گا۔ سیاسی کمیٹی اور ترجمانوں کے اجلاس کے دوران پارٹی کے بعض رہنمائوں نے جلسوں کے حق اور بعض نے مخالفت میں گفتگو کی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اپوزیشن کے جلسوں کے معاملے پر ترجمانوں کو بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے استفسار کیا کہ اپوزیشن اتحاد کو سیاست کی پروا ہے یا پھر اپنا لوٹا مال بچانے کی فکر ہے؟۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ وقت لوگوں کو کرونا وائرس سے بچانے کا ہے نہ کہ جلسے اور جلوس کرنے کا ہے۔ انہوں نے دوران اجلاس شرکاء کو سی پیک کے منصوبے ایم ایل ون پر بھی بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے حکومتی اور پارٹی ترجمانوں کو گنے کی بروقت کرشنگ کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے آگاہی دی۔ انہوں نے کہاکہ سونے پر سہاگہ یہ کہ گنے کے کسانوں کو بروقت ادائیگیاں بھی ہوئی ہیں، کرشنگ اور گنے کے کسانوں کو ادائیگی کا کریڈٹ وزیر اعظم کو جاتا ہے۔ حماد اظہر نے مزید کہا کہ حکومت نے کاشتکاروں کی ادائیگی لیٹ کرنے والوں کو 50 لاکھ جرمانے کی سزا مقرر کی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھاکہ ملکی معیشت شاندار انداز میں آگے بڑھ رہی ہے، اس حوالے سے مزید اچھی خبریں ملیں گی۔ اجلاس میں ملکی معاشی صورت حال اور مہنگائی پر بات چیت کی گئی۔ وزیر اعظم نے کہا حکومتی اقدامات سے مہنگائی میں کمی آئی ہے۔ آنے والے دنوں میں مہنگائی میں مزید کمی آئے گی۔