کرونا : ملک بھر کے ہسپتالوں میں جگہ کم، پشاور کیسز سب سے زیادہ، مزید 54اموات
اسلام آباد+ لاہور (وقائع نگار خصوصی+ نامہ نگار+ وقائع نگار+ سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان میں کرونا وائرس کی دوسری لہر میں شدت آگئی ہے اور ملک بھر کے ہسپتالوں میں کووِڈ 19 کے مریضوں کے لیے مختص گنجائش کم ہوتی جارہی ہے۔ ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 89 ہزار 311 ہے جس میں سے 3 لاکھ 35 ہزار 881 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 897 تک پہنچ گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کرونا وائرس کے 3 ہزار 113 کیسز اور 54 اموات کا اضافہ ہوا جبکہ ایک ہزار 489 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 45 ہزار 533 تک پہنچ گئی۔ صوبہ سندھ، جو اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ وہاں 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 402 کیسز کا اضافہ ہوا اور مجموعی تعداد ایک لاکھ 68 ہزار 783 تک پہنچ گئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اس عالمی وبا کے باعث 19 مریض انتقال کرگئے اور یوں یہ صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 885 تک پہنچ گئی ہے۔ صوبہ پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 654 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 17 ہزار 160 ہوگئی۔ صوبے میں وبا کی وجہ سے مزید 22 مریض لقمہ اجل بنے اور اس طرح پنجاب میں وائرس کے سبب اموات کی تعداد 2 ہزار 945 ہوگئی۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 453 افراد کو وبا نے متاثر کیا جس کے بعد مجموعی متاثرین کی تعداد 46 ہزار 281 ہوگئی۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وبا کے باعث صوبے میں مزید 2 مریضوں کا انتقال ہوا جس کے بعد اب تک وائرس سے مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 346 پر جا پہنچی۔ صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 66 کیسز سامنے آئے اور یوں مجموعی کیسز 17 ہزار 8 ہوگئے۔ بلوچستان میں کرونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد میں کوئی اضافہ نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 165 پر برقرار ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت اسلام آباد میں وبا کے مزید 425 کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 28 ہزار 980 ہوگئی۔ دارالحکومت میں کرونا سے مزید 8 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات بڑھ کر 305 ہوگئیں۔کرونا سے متعلق سرکاری ویب سائٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں کرونا کے 98 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق ہوئی جس کے بعد وادی میں متاثرین کی تعداد 6 ہزار 501 ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں وائرس سے مزید 3 افراد زندگی کی بازی ہار گئے اور اس طرح وہاں اموات کی مجموعی تعداد 155 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں وبا کے 15 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 4 ہزار 598 ہوگئی۔ تاہم خوش قسمتی سے وبا کے باعث مزید کسی فرد کا انتقال نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 96 پر برقرار ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے صحتیاب ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید ایک ہزار 489 افراد شفایاب ہوئے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 3 لاکھ 35 ہزار 881 ہوگئی۔ ملک بھر میں کرونا کے مثبت کیسز کی شرح 7.20 فیصد تک پہنچ گئی۔ وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا جس میں ملک میں کرونا کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ کراچی 17.73، حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 16.32 فیصد ہوگئی۔ بلوچستان 6.41، گلگت بلتستان میں 4.81 اور پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 19.65 فیصد تک پہنچ گئی۔فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ، انسداد دہشتگردی عدالت کے جج کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت نمبر 1 کے جج راجہ جواد عباس حسن کرونا کا شکار ہو گئے، عدالتی عملہ کے مطابق جج راجہ جواد عباس حسن نے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے پر خود کو قرنطینہ کر لیا۔ اسلام آباد کے پمز ہسپتال کے 192ہیلتھ کیئر ورکرز کرونا کا شکار ہوگئے، جس میں 124 ڈاکٹرز، 38 نرسز، 30 پیرا میڈکس، نان میڈیکل عملہ بھی شامل ہیں۔ دوسری لہر میں پمز اسپتال کے 192ہیلتھ ورکرز کا کرونا مثبت آیا، جس میں 124ڈاکٹرز ، 38نرسز ، 30پیرامیڈکس، نان میڈیکل عملہ بھی شامل ہیں۔ پمز ذرائع کا کہنا ہے کہ پمز ہسپتال کے 85 ٹرینی،39 سینئر ڈاکٹرز کا کرونا مثبت آیا ہے جبکہ کارڈیک، ڈائیلائسزسینٹر اور یورالوجی وارڈ کا عملہ بھی کرونا سے متاثر ہیں۔ معروف اولمپیئن ہاکی پلیئر اختر رسول عالمی وبا کرونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔ اختر رسول کے بھائی خالد اقبال کے مطابق اختر رسول کرونا وائرس کے مرض میں مبتلا ہیں اور پچھلے 11 دنوں سے نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ لاہور قلندر کے فاسٹ باؤلر دلبر حسین کرونا کا شکار ہو گئے ہیں۔ لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا کا کہنا ہے کہ دلبر حسین گزشتہ ہفتے سے آسٹریلیا میں قرنطینہ میں ہیں۔ جرمنی میں حالیہ چند ہفتوں میں کرونا وائرس کے انفیکشنز کی شرح میں کافی اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ یورپی ملک جرمنی میں کرونا وائرس کی وبا کی شروعات سے اب تک پہلی بار متاثرہ افراد کی تعداد 10 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔ اے این پی رکن اسمبلی ثمر ہارون بلور کرونا میں مبتلا ہو گئیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق ثمر ہارون بلور نے کرونا ٹیسٹ کروایا جو مثبت آ گیا۔ کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔سینیٹر کلثوم پروین کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کے مطابق سینیٹر کلثوم پروین کو اسلام آباد کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا ہے۔ کلثوم پروین آکسیجن پر ہیں۔ چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے سینیٹر کلثوم پروین کے بیٹے کو فون کرکے خیریت معلوم کی اور کلثوم پروین کی صحت یابی کیلئے دعا کی۔