ایف آئی اے نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورک کے دو ایجنٹوں سمیت 6 افراد کو گرفتار کرلیا ۔ گرفتار افراد کو تفتیش و تحقیق کے لیے ایئرپورٹ سے منتقل کردیا گیا،ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ دو ملزمان طلحہ شہزاد اور جواد غنی اپنے ہمراہ چار افراد کو پرواز کیو آر615- سے کمبوڈیا براستہ قطر لے جارہے تھے۔ دونوں ملزمان نے حریم ٹریول کے نام سے ایک جعلی ٹریول ایجنسی کی دستاویزات تیار کررکھی تھیں جو بغور معائنے پہ جعلی ثابت ہوئیں۔ طلحہ شہزاد اور جواد غنی نے اپنے ہمراہ جانے والے چاروں افراد سرفراز، ذیشان، نعمان اور حامد کو کاغذات میں اپنے ملازمین ظاہر کیا ہوا تھا لیکن جب ابتدائی طور پرپوچھ گچھ کی گئی تو یہ حقیقت سامنے آئی کہ دونوں ملزمان نے چاروں افراد سے کمبوڈیا لے جانے کے لیے فی کس چار لاکھ 20ہزار روپے وصول کیے۔ملزمان نے کمبوڈیا کے ویزے جعلی دستاویزات کے ذریعے ویتنام سے حاصل کیے تھے۔ تفتیش میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزم طلحہ شہزاد کا ایک بھائی کمبوڈیا میں رہائش پذیر ہے اور وہ انسانی سمگلنگ میں ملوث ہے۔ ملزمان کے خلاف ایف آئی اے نے انسانی اسمگلنگ کی دفعات کے تحت مقدمہ بھی درج کرلیا ۔ اس ضمن میں مزید تفتیش و تحقیق جاری ہیں۔
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38