ہمیں الزام تراشی کی زنجیروں کو توڑ کر بہتر تعلقات قائم کرنے کیلئے آگے بڑھنا چاہیے: وزیراعظم عمران خان
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے عوام دوستی چاہتے ہیں. انہوں نے زوردیا کہ اس مقصد کیلئے دونوں ملکوں کی قیادت کو متحد ہونا ہوگا ۔ ضلع نارووال میں کرتار پور راہداری کاسنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان اور بھارت ایٹمی طاقتیں ہیں اور جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ حماقت ہوگی ۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیر دونوں ملکوں کے درمیان بنیادی مسئلہ ہے ۔ تاہم تمام دوطرفہ مسائل کو مضبوط عزم اورولولے سے حل کیاجاسکتا ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی حکومت ، سیاسی جماعتیں، مسلح افواج اور دیگر ادارے بھارت کے ساتھ امن کیلئے متحد ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ دوطرفہ تعلقات میں بہتری کیلئے ایک قدم آگے اور دو قدم پیچھے کی حکمت عملی نہیں چلے گی ۔ وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہمیں الزام تراشی کی زنجیروں کو توڑ کر بہتر تعلقات قائم کرنے کیلئے آگے بڑھانا چاہیے۔ وزیراعظم نےمزید کہاکہ وہ غربت کے بنیادی مسئلے پر قابو پانے کیلئے بھارت کے ساتھ مضبوط اور بہتر تعلقات چاہتے ہیں یہ صرف دوطرفہ تجارت بڑھانے سے ہی ممکن ہے۔ وزیراعظم نے سکھ یاتریوں کا خیرمقدم کیا اور انھیں یقین دلایا کہ جب وہ اگلے سال بابا گورونانک کا پانچ سو پچاسواں جنم دن منانے آئیں گے تو کرتار پور میں جدید سہولیات موجود ہوںگی ۔ عمران خان نے کہاکہ سکھ یاتریوں کے چہرے پرعیاں خوشی ان کیلئے انتہائی باعث مسرت ہے ۔