امن کی خاطر خونریزی اور تشدد روکا جاناچاہیے کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے,یہ راہداری لوگوں کے دلوں کو جوڑے گی :نوجوت سنگھ سدھو
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی پنجاب کے وزیر سیاحت و ثقافت نوجوت سنگھ سدھو نے کہاکہ مذہب کو دہشت گردی اور سیاست کے حوالے سے نہیں دیکھا جانا چاہیے۔نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ ہمیں امن سے متعلق سوچ پر نظرثانی کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ امن کی خاطر خونریزی اور تشدد روکا جاناچاہیے کیونکہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ یہ راہداری لوگوں کے دلوں کو جوڑے گی۔بھارتی پنجاب کے وزیر نے کہاکہ عمران خان کی طرف سے راہداری کھولنا تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ دنیا بھر کے بارہ کروڑ سے زائد سکھوں کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے میں پاکستان اور بھارت دونوں کی حکومتیں تعریف کی مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتوں کو اپنے تعلقات میں آگے بڑھنے کے لئے سوچنے کی ضرورت ہے۔سدھو نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات میں بہتری سے د ونوں ملکوں کے عوام کو کئی فوائد حاصل ہوسکتے ہیں۔انہوں نے وزیراعظم عمران خان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور سکھوں کے مقدس مذہبی مقام کو کھولنے کے لئے ان کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔