ایشیائی ترقیاتی بنک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 43 کروڑ ڈالر قرض دیگا
ایشیائی ترقیاتی بنک بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلئے 43 کروڑ ڈالر قرض دیگا
اسلام آباد (آن لائن+ اے این این) ایشیائی ترقیاتی بینک ، پاکستان میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لئے آسان شرائط پر 43کروڑ ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔ اسلام آباد میں اس سلسلے میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ورنر لی پیخ اور چیئرمین بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام انور بیگ نے معاہدے پر دست خط کیے۔ معاہدے کے تحت 57 کروڑ ڈالر کی لاگت سے نیا پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے لئے 43 کروڑ ڈالر ایشیائی ترقیاتی بینک اور 14 کروڑ ڈالر حکومت پاکستان فراہم کرے گی۔ پروگرام کے ذریعے غربت میں کمی کے لئے 34 کروڑ ڈالر، ہیلتھ انشورنس کے لئے 4 کروڑ15 لاکھ ڈالر جبکہ تربیت اور ہنر مندی سکھانے کے لئے 19 کروڑ ڈالر خرچ کئے جائیں گے۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے قرض پر ڈیڑھ فیصد شرح منافع ہوگا اور یہ 25 سال میں ادا کیا جا سکے گا۔ علاوہ ازیں یورپی یونین ترقیاتی منصوبوں کیلئے پاکستان کو 180 ملین پاﺅنڈ دے گا۔ اس امر پر اتفاق پاک، یورپی یونین ڈویلپمنٹ کوآپریشن کے ذیلی گروپ کے وفود کے مابین مذاکرات کے پانچویں دور میں اسلام آباد میں کیا گیا۔ ذیلی گروپ اپنی رپورٹ 2014 ءکے شروع میں پاک، یورپی یونین جائنٹ کمیشن کے متوقع اجلاس میں پیش کرے گا۔ مشترکہ پریس ریلیز کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت دفاع کے اکنامک افیئرز ڈویژن کے ایڈیشنل سیکرٹری اور یورپی یونین وفد کی قیادت یورپی یونین کے ڈائریکٹر برائے ایشیا‘ سنٹرل ایشیا‘ مشرق وسطیٰ ڈرک میگانک نے کی۔ پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ڈویلپمنٹ کوآپریشن مذاکرات 2004 میں پاکستان اور یورپی یونین کے مابین ہونے والے تعاون کے معاہدے کی روشنی میں ہوئے۔ یاد رہے کہ ذیلی گروپ کا اجلاس پاکستان اور یورپی یونین کے مابین دو معاہدوں پر دستخط کیلئے منعقد کیا گیا۔ پہلا معاہدہ خیبر پی کے کے اضلاع میں گورننس اور کمیونٹی ترقی کیلئے 80 ملین پونڈ کی فراہمی کا ہے۔ دوسرا معاہدہ یورپین انویسٹمنٹ بینک کی طرف سے مشترکہ مالیاتی معاہدہ ہے جو کیال خاور ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کیلئے 100 ملین پاﺅنڈ کا قرض فراہم کرے گا۔ یہ منصوبہ جرمنی کے ساتھ مشترکہ طور پر آگے بڑھایا جائے گا۔
ایشیائی بنک قرض