پاکستان دہشت گردی کا ڈھانچہ ختم، ممبئی حملوں کے ملزموں کو سزا دے: بھارت

28 نومبر 2013

نئی دہلی (نوائے وقت نیوز+ ایجنسیاں) بھارت نے پاکستان سے ممبئی حملوں کے ملزموں کو سزا دینے کا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سرزمین پر بھارت مخالف سرگرمیاں بدستور جاری ہیں۔ پڑوسی ملک دہشت گردی کا بنیادی ڈھانچہ ختم کرے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ممبئی حملوں کی پانچویں برسی کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم منموہن سنگھ‘ وزیر داخلہ سشیل کمار شنڈے اور کانگریس کی صدر سونیا گاندھی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ممبئی حملوں جیسے واقعات کو ناکام بنانا حکومت کی اوّلین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کئی اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ پاکستانی سرزمین بدستور بھارت مخالف سرگرمیوں کیلئے استعمال ہورہی ہے۔ ممبئی حملوں کے تمام گرفتار ملزموں کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ دریں اثناءبھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے کہا ہے کہ پانچ سال گزر گئے، پاکستان نے ممبئی حملے کے ماسٹر مائنڈ کو سزا نہیں دی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پاکستانی عدالت کیس کی سماعت کو طول دے رہی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی وزیر خارجہ سلمان خورشید نے ممبئی حملہ کیس کے حوالے سے بات حیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حافظ سعید کے خلاف کارروائی سے مطمئن نہیں، پاکستان حافظ سعید کے خلاف مقدمے کی کارروائی تیز کرنے کی یقنی دہانی کروا چکا لیکن ابھی تک اس پر عمل نہیں ہوا۔
بھارت