امریکہ دیامر بھاشا ڈیم کیلئے 2کروڑ ڈالر دیگا رچرڈ اولسن کی خواجہ آصف سے ملاقات

28 نومبر 2013

اسلام آباد (آن لائن) امریکہ دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کیلئے دو کروڑ ڈالر دیگا۔ یہ بات امریکی سفارتخانے کے ایک عہدیدار نے اسلام آباد میں بتائی۔ انہوں نے کہا اس رقم میں سے پانچ لاکھ ساٹھ ہزار ڈالر ڈیم کی تعمیر کے قابل عمل ہونے کی تین اضافی رپورٹوں کیلئے دیئے جائیں گے۔ عہدیدار نے یہ بھی کہا کہ امریکہ پاکستان میں اپنے موجودہ پروگراموں کے حصے کے طور پر سب سٹیشنوں پر بجلی کے استعمال کا اندازہ لگانے اور بجلی کی چوری کے مسئلے کے حل کیلئے سمارٹ میٹر نصب کرنے پر ایک کروڑ چالیس لاکھ ڈالر خرچ کرے گا۔ واضح رہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے منصوبے کا تخمینہ تقریباً 14 ارب ڈالر لگایا گیا ہے اور یہ دس سال میں مکمل ہوگا۔ دوسری جانب وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے ملاقات کی جس میں دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے توانائی بحران کے حل کیلئے حکومتی اقدامات کو سراہا۔ وفاقی وزیر سے گفتگو کے دوران امریکی سفیر نے کہاکہ امریکہ پاکستان کو توانائی بحران کے حل کیلئے ہر ممکن مدد فراہم کرے گا۔ امریکی کمپنیاں توانائی بحران کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرینگی۔
امریکہ دیامر ڈیم