ایف آئی اے کے چھاپے، 27جعلی گیٹ وے ایکسچینج پکڑی گئیں، دو ملزم گرفتار

28 نومبر 2013

لاہور (خبرنگار) ایف آئی اے لاہور نے جعلی گیٹ وے ایکسچینجوں کے خلاف مہم کے دوران ٹاﺅن شپ اور قینچی امرسدھو میں چھاپے مارکر 27جعلی گیٹ وے ایکسچینج قبضہ میں لے کر دو ملزم گرفتار کر لئے۔ ایف آئی اے این آر تھری سی لاہور کے ڈپٹی ڈائریکٹر سمیع الرحمن جامی کی نگرانی میں مارے گئے پہلے چھاپے میں ٹاﺅن شپ کے سیکٹر اے ٹو کے مکان نمبر 345بلاک نمبر 5سے 15گیٹ وے ایکسچینج قبضہ میں لی گئیں جن میں 200موبائل فون سم، EVO 4پی ٹی سی ایل، 10تھری جی EVOکی مدد سے غیرملکی کالز ٹرانسفر کی جا رہی تھیں۔ موقع سے ایک ملزم آصف حسین کو گرفتار کر لیا گیا۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے دوسرا چھاپہ قینچی امرسدھو کے شیروانی محلہ کی گلی نمبر 4میں مارا جہاں 12گیٹ وے ایکسچینج قبضہ میں لے لی گئیں۔ مختلف کمپنیوں کی 1044موبائل فون سم اور پی ٹی سی ایل کے آلات کی مدد سے غیرملکی کالز غیرقانونی طور پر ٹرانسفر کی جا رہی تھیں۔ ملزم علیم اللہ کو گرفتار کرلیا گیا۔نوائے وقت نیوز کے مطابق اس سے قبل پی ٹی اے کے زونل 6آفس راولپنڈی نے ایف آئی اے کے سائبر کرائم سرکل اسلام آباد کے ساتھ جی ٹی روڈ حسن ابدال پر قائم ایک فرنچائز پر چھاپہ مارا جہاں غیرقانونی گیٹ وے ایکسچینجز میں کام کرنے والی سمز کو ری چارج کیا جا رہا تھا۔ فرنچائز کے مالک سمیت چار افراد کو گرفتار اور کمپیوٹرز سمیت دیگر ساز و سامان کو قبضے میں لے لیا۔ انہی افراد سے پوچھ گچھ کے بعد لاہور میں ٹاﺅن شپ اور فیروزپور روڈ پر غیرقانونی ٹریفک دھندے میں ملوث افراد کو گرفتار اور ایکسچینجز کو سیل کر دیا گیا۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق ان غیرقانونی ایکسچینجز سے 24لاکھ روپے ماہانہ قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا تھا۔

ایف آئی اے/ چھاپے