ملک کو مشکل صورتحال سے نکالنے کیلئے سیاستدانوں، بیورو کریسی کو کردار ادا کرنا ہو گا:گورنر پنجاب

28 نومبر 2013

لاہور( این این ائی)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ  عوام اب باشعور ہیں اور چاہتے ہیں کہ ملک میں جمہوریت کا پودا پھلے پھولے ، پاکستان اس وقت جس مشکل صورت حال سے گزر رہا ہے اس سے نکلنے کے لئے سیاست دانوں ، بیوروکریسی اور ہر شعبے سے وابستہ افراد کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو  گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پروفیشنل مینجمنٹ سروسزکی تربیت حاصل کرنے والے90 رکنی افسروں کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔  انہوںنے کہا کہ حکومت نے ملک میں انسانی وسائل کی ترقی کے لیے تعلیم کو اپنی اولین ترجیح میں شامل کیا ہے اور ہر سال دس لاکھ بچوں کے سکولوں کے داخلوں کو یقینی بنایا جائے گا- انہو ںنے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں بین الاقوامی اداروں اور نجی شعبے کے کردار کو فعال کرنے کے لئے آئندہ سال مارچ میں گلوبل کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔