اے پی سی بلا کر ڈرون حملوں پر متفقہ پالیسی تیار کی جائے:حامدرضا

28 نومبر 2013

لاہور(خصوصی نامہ نگار)سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اے پی سی بلا کر ڈرون حملوں پر متفقہ قومی پالیسی تیار کی جائے،  ڈرون اور خودکش حملوں کے خلاف پوری قوم متحد ہو جائے۔ ڈالرز منظور اور ڈرونز نامنظور کی پالیسی منافقانہ ہے، عالمی قوتوں نے پاکستان کو پراکسی وارز کا میدان بنا لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن طلبا اسلام کے تحفظ پاکستان کنونشن میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن کی صدارت اے ٹی آئی کے صدر اسد خان جدون نے کی۔ دریں اثنا سنی اتحاد کونسل کے مرکزی راہنمائوں صاحبزادہ حامد رضا، حاجی حنیف طیّب، طارق محبوب، مولانا اکبر نقشبندی، میاں فہیم اختر، ملک بخش الٰہی، پیر طارق ولی چشتی نے اعلان کیا ہے کہ سنی اتحاد کونسل ڈرون حملوں کے خلاف جمعہ 29نومبر کو ’’یومِ مذمت امریکہ‘‘ منائے گی اور جمعہ کے اجتماعات میں ڈرون حملوں کے خلاف مذمتی قراردادیں منظور کی جائیں گی۔