چاروں صوبائی حکومتوں کو تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہو گی:سپیکر پنجاب اسمبلی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی رانا اقبال خاں سے خیبر پی کے کے سپیکر اسد قیصر نے اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں پنجاب اسمبلی میں لیڈر آف دی اپوزیشن میاں محمود الرشید بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رانا اقبال خاں نے کہا ہے کہ چاروں صوبائی حکومتوں کو تعلیم پرخصوصی توجہ دینا ہو گی کیونکہ تعلیم کے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ سپیکر اسد قیصر نے کہا کہ بین الصوبائی پارلیمانی وفود کے تبادلہ سے جمہوریت مضبوط ہوگی اور بہترین قانون سازی میں مدد ملے گی۔ دریں اثناء سپیکر رانا اقبال خاں سے پاسٹر صادق بھٹی کی زیر قیادت پیس اینڈ ڈویلپمنٹ فائونڈیشن کے وفد سے بھی ملاقات کی۔