عدالتی احکامات کو مذاق سمجھنے کی روش ترک ہونی چاہئے:وسیم اختر
لاہور (خصوصی نامہ نگار) رکن پنجاب اسمبلی اور امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اختر نے لاپتہ افراد کے معاملے پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی آئینی وقانونی ذمہ داریوں کو پورا کرتے ہوئے تمام لاپتہ افراد کو فی الفور بازیاب کرائے، لاپتہ افراد کا معاملہ سنگین ہوتا جا رہا ہے، خفیہ اداروں نے ریاست کے اندر ریاست قائم کررکھی ہے جوکہ کسی صورت میں بھی قابل قبول نہیں۔کوئی بھی شخص یا ادارہ ماورائے قانون کام کرے تو اس کے خلاف سخت تادیبی کارروائی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ عدالتی احکامات کو مذاق سمجھنے کی روش ترک ہونی چاہئے جس کا جب دل چاہتا ہے وہ محض شک کی بنیاد پر لوگوں کو اغوا کرکے کئی کئی برس عقوبت خانوں میں ڈال دیتا ہے جوکہ انسان کے بنیادی حقوق کی تذلیل ہے۔