حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے سے گریز کرے: کاروباری برادری

28 نومبر 2013

لاہور (کامرس رپورٹر) کاروباری برادری نے عالمی منڈی میں پٹرولیم کی قیمتوں میں کمی کے باوجود حکومت کی جانب سے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم قیمتوں میں ہر گز اضافہ نہ کیا جائے ورنہ ملک میں مہنگائی کا طوفان آ جائے گا لوگ فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہوں گے جس سے معاشرے میں جرائم میں بے پناہ اضافہ ہو جائے گا۔ انجمن تاجران لنڈا بازار کے جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ، انجمن تاجران آٹو پارٹس مارکیٹ بادامی باغ کے صدر وقار اے میاں، انجمن تاجران منٹگمری روڈ کے جنرل سیکرٹری وقار علی، ایگری فورم پاکستان کے چیئر مین ابراہیم مغل نے کہا کہ عالمی منڈی میں عام تیل کی قیمت کم ہونے کے باوجود ملک میں مجبور عوام کو پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی کرکے فروخت کرنا ظلم ہو گا۔