پاکستان نے جنوبی افریقہ کو ہرا کر پہلی بار ون ڈے سیریز جیت لی

28 نومبر 2013

پورٹ الزبتھ+ لاہور (آئی این پی+ خصوصی رپورٹر) پاکستان نے جنوبی افریقہ کوسنسنی خیز مقابلے کے بعد 1 رنز سے شکست دیکر یقینی فتح چھین لی۔ پاکستان نے ابوظہبی میں ہوم سیریز میں ہارنے کا بدلہ جنوبی افریقہ کو اسکے اپنے ہی ہوم گرائونڈ میں ہرا کر پورا کردیا۔ پاکستان کو سیریز میں فیصلہ کن 2-0 سے برتری حاصل ہوگئی۔ پاکستان کی جانب سے احمد شہزاد نے شاندار سنچری جبکہ صہیب مقصود اور عمر اکمل 42,42 رنز بنا کر نمایاں رہے۔  ڈیل سٹین نے کیریئر بیسٹ بائولنگ کرتے ہوئے 39 رنز دیکر 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ نروس نائنٹیز کا شکار ہو کر 2 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ کپتان اے بی ڈویلیئرز کے برق رفتار 74 رنز بھی ٹیم کو ہار سے نہ بچا سکے۔ جنید خان کی 3 اور شاہد آفریدی کی 2 وکٹیں‘ شاندار کارکردگی پر احمد شہزاد کو مین آف دی میچ قرار دیاگیا۔ بدھ کو جنوبی افریقہ کے سینٹ جارج پارک پورٹ الزبتھ سٹیڈیم میں کھیلا گیا میچ بارش کے باعث 2 گھنٹے تاخیرسے شروع ہوا۔ بارش سے متاثرہ میچ کو 45 اوورز فی اننگزتک محدود کردیا گیا تھا۔ جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلئیرزنے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میچ کی پانچویں ہی گیند پر ڈیل سٹین نے اوپنر ناصر جمشید کو بولڈ کرکے پاکستان کو پہلا جھٹکا دیا۔ ناصر صرف 2 رنز بنا سکے۔ حفیظ اور ڈیل سٹین کا رومانس پورٹ الزبتھ میں بھی جاری رہا اورحفیظ 8 رنزبناکرایک بار پھر انہیں وکٹ دے بیٹھے۔ احمد شہزاد نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 108 گیندوں میں سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 8 چوکے اور 2 چھکے مارے۔ وہ 102 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔ عمر اکمل نے 30 گیندوں میں 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 42 رنز سکور کئے۔ بلاول بھٹی نے 14 گیندوں پر 21 رنز سکور کئے۔ انہوں نے 4 چوکے مارے۔ مصباح بھی جم کر نہ کھیل سکے اور 12 رنز سکور کر کے آؤٹ ہوئے۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈیل سٹین نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں جنوبی افریقہ کو اننگز کے آغاز پر ہی اس وقت نقصان اٹھانا پڑا جب  گریم سمتھ 9 کے مجموعی سکور پر ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اس کے بعد پاکستان بولرز چھائے رہے اور جنوبی افریقین بیٹسمینوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا۔ ایک موقع پر جیک کیلس آئوٹ ہوئے تو پاکستان کی میچ پر گرفت مضبوط تھی تاہم اے بی ڈویلیئرز نے اپنے جارحانہ کھیل سے میچ کا پانسا پلٹ دیا اور گرائونڈ کے چاروں اطراف خوبصورت شارٹس کھیلے لیکن ان کے آئوٹ ہونے کے بعد پاکستانی بائولرز نے دوبارہ اپنی روایتی بولنگ کی اور میچ پر گرفت مضبوط کرنا شروع کی۔ جنوبی افریقہ کو آخری 2 اوورز میں میچ جیتنے کیلئے محض 11 رنز درکار تھے لیکن سعید اجمل نے صرف 2 رنز دیکر ہاشم آملہ کو 98 کے سکور پر آئوٹ کردیا۔ اسکے بعد جنوبی افریقہ کو آخری اوور میں فتح کیلئے 9 رنز درکار تھے لیکن فاسٹ بائولرز جنید خان نے اپنے شاندار یارکرز کی مدد سے جنوبی افریقہ کے بیٹسمینوں کو بے بس کردیا۔ پاکستان کے احمد شہزاد کو شاندار 102 رنز کی اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے جنوبی افریقہ سے ون ڈے سیریز جیتنے پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم کی یہ کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی آئندہ بھی ایسی ہی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے اور اپنی فتوحات کا یہ سلسلہ جاری رکھیں گے۔جنوبی افریقہ کو آج تک کوئی بھی ایشیائی ٹیم انکی سرزمین پر ون ڈے سیریز میں شکست نہیں دے سکی تھی