خواجہ آصف کو وزارت دفاع کا چارج مل گیا‘ آج سپریم کورٹ پیش ہونگے‘ پرویز رشید کو قانون کی وزارت بھی دیدی گئی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + ایجنسیاں) وزیراعظم نواز شریف نے وفاقی وزیر برائے پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کو وزارت دفاع، وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج دیدیا ہے۔ واضح رہے کہ لاپتہ افراد کے حوالے سے مقدمہ کی سماعت میں چیف جسٹس افتخار محمد چودھری نے ریمارکس دئیے تھے کہ لاپتہ افراد کو پیش کیا جائے ورنہ وزیراعظم بطور وزیر دفاع خود عدالت کے سامنے پیش ہوں، کابینہ ڈویژن کے نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم کی طرف سے دونوں وزراء کو اضافی قلمدان سونپنے کا فیصلہ فوری طور پر نافذالعمل ہو گا۔ اس سے قبل وزارت قانون اور دفاع کے قلمدان وزیراعظم نواز شریف کے پاس تھے۔اٹارنی جنرل نے کہا ہے کہ وزیر دفاع خواجہ آصف آج سپریم کورٹ میں پیش ہوں گے۔ سپریم کورٹ نے وزیر دفاع کو لاپتہ افراد کیس میں طلب کیا تھا۔