’’ چیف جسٹس کو ولی مان گیا ہوں‘‘ انہوں نے کہا تھا کچھ ہو نہ ہو وزیر دفاع ضرور مقرر ہو جائیگا، جسٹس جواد
کراچی (نوائے وقت رپورٹ) لاپتہ افراد کیس کی سماعت کے دوران جسٹس جواد ایس خواجہ نے استفسار کیا کہ کیس میں کیا پیش رفت ہوئی ہے؟ اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے کہا کہ جناب فرق تو پڑا ہے، ایک وزیر کو وزیر دفاع کا ایڈیشنل چارج مل گیا ہے۔ اس پر جسٹس جواد ایس خواجہ نے کہاکہ میں تو چیف صاحب کو ولی مان گیا ہوں، کل ہی چیف صاحب نے کہا تھا کچھ ہو نہ ہو وزیر دفاع ضرور مقرر ہو جائے گا۔ جسٹس خواجہ نے کہاکہ وزیر قانون کا ایڈیشنل چارج بھی ایک وزیر کو دیا گیا ہے وہ کون ہے؟۔ اٹارنی جنرل منیر اے ملک نے بتایا کہ وزیر قانون کا چارج وزیر اطلاعات پرویز رشید کو دیا گیا ہے۔